پشاور:پولیس ناکے پر فائرنگ، چار اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں فائرنگ کے ایک واقعے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شام پہاڑی پورہ کے علاقے میں دلہ زاک روڈ پر پیش آیا۔
پشاور پولیس کے اہلکار کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ناکے پر تعینات اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے چار افراد مارے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو اے ایس آئی اور دو کانسٹیبل رینک کے اہلکار شامل ہیں۔
نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین نے ان کی لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا ہے۔ ان افراد نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ وہ جان و مال کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔
پشاور میں ماضی میں بھی پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور ان حملوں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پشاور گزشتہ چند ہفتوں میں متعدد بار دہشتگردی کا نشانہ بنا ہے جس کے بعد شہر میں پولیس کے ناکوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ان واقعات کے بعد صوبائی حکومت نے انسداد دہشت گردی کی نئی فورس قائم کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر پولیس کی ایلیٹ فورس کے ایک ہزار اہلکاروں کو تربیت دے کر فورس قائم کی جائے گی جس کے بعد مزید بھرتیوں کے لیے کوششیں کی جائیں گی ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان شیراز پراچہ نے بی بی سی کو بتایا کہ دو روز پہلے کابینہ کے اجلاس میں اس فورس کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے فورا بعد اس کے قیام کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔







