بولان میں فائرنگ سے 5 ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے بولان میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ افراد منگل کی شب سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں۔
فرنٹیئر کور بلوچستان کے ذرائع کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فرنٹیئر کور اور قانون ناٖفذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار کنبڑی ڈیم کے علاقے میں گشت پر تھے کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پانچ مسلح افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فرنٹیئر کور کے دو اہلکار زخمی ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد سے چار کلاشنکوف اور دھماکہ خیز مواد بھی ملا ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں۔
خیال رہے کہ بولان میں حال ہی میں 13 افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں اور بلوچ عسکریت پسندوں کے درمیان کئی جھڑپیں ہوئی ہیں۔
دوسری جانب منگل کی شب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں متعدد راکٹ حملوں سے املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
تربت میں لیویز فورس کے ذرائع کے مطابق تربت ایئر پورٹ کے قریب نامعلوم سمت سے فائر کیے جانے والے 2 راکٹ گرے۔ تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ ہرنائی شہر میں قریبی پہاڑیوں سے فائر کیے جانے والے تین راکٹ ایف سی کے کیمپ کے قریب گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گئے لیکن ان سے بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔







