پشاور: بم دھماکے میں 2 افراد ہلاک، دو لاپتہ

بم دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے ہیں جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں
،تصویر کا کیپشنبم دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے ہیں جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے ہیں جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکہ گلبہار کے علاقے میں ہوا اور خدشہ ہے کہ لاپتہ ہونے والے افراد جائے وقوع کے نزدیک نہر میں جا گرے جن کی تلاش جاری ہے۔

بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں اکثر افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گلبہار کے علاقے امامیہ کالونی میں دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں دو سے تین کلو وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔

پشاور میں جی ٹی روڈ پر واقع گلبہار کا علاقہ انتہائی گنجان آباد ہے اور شیعہ مسلک کی آبادی کی اکثریت یہاں مقیم ہے جبکہ اندرون پشاور کی بڑی آبادی بھی اسی علاقے میں رہتی ہے۔ شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والی طالب علم جماعت امامیہ سٹوڈنٹ آرگنائزیشن کا دفتر بھی گلبہار کے علاقے میں موجود ہے۔

اس سے پہلے آج صبح پشاور میں مقامی شیعہ رہنما کے بھانجے کو بھی فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا تھا جو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔