قریبی رشتہ دار خواتین انتخابات میں آمنے سامنے

پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں جہاں پیپلز پارٹی کی مقتول سربراہ بینظیر بھٹو کی دو قریبی رشتہ دار خواتین ایک دوسرے کے مقابلے میں ہیں، وہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اپنی بیوی کلثوم نواز کی کزن کا سامنا ہے۔
گیارہ مئی کے انتخابات کے لیے چار بہنوں کے علاوہ دو سوکنیں بھی اپنی انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور اور ڈاکٹر عذرا پیچوہو پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدوار ہیں۔اسی طرح سابق رکن اسمبلی نذیر جٹ کی نااہلی کے بعد اب کی بیٹیاں عائشہ نذیر اور عافیہ نذیر صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی سے امیدوار ہیں۔
نذیر جٹ کی دونوں بیویاں بھی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں تاہم یہ دونوں سوکنیں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں بلکہ قومی اور صوبائی حلقوں میں امیدوار ہیں۔

پیپلز پارٹی کی مقتول سربراہ بینظیر بھٹو کی نند فریال تالپور کا مقابلہ سابق وزیر اعظم کی بھابھی یعنی غنویْ بھٹو سے ہے۔
نذیر جٹ کی ایک بیوی اور ایک بیٹی کا مقابلہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی امیدواروں سے ہے۔
مسلم لیگ نون کی تہمینہ دولتانہ کے مدمقابل نذیر جٹ کی بیوی عابدہ دیبا اور پیپلز پارٹی کی نتاشا دولتانہ کے مدمقابل ڈاکٹر عافیہ نذیر ہیں۔
مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف کے مدمقابل بھی دو خواتین امیدوار یعنی تحریک انصاف کی یاسمین راشد اور کلثوم نواز کی کزن سائرہ زبیر میدان میں ہیں۔ سائرہ زبیر معروف پہلوان زبیر عرف جھارا کی بیوہ ہیں اور جنرل مشرف کی جماعت کی جانب سے امیدوار ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نواز شریف کے بھتیجے حمزہ شہباز کو بھی قومی اسمبلی کی نشست پر عائشہ احد ملک کا سامنا ہے۔عائشہ احد کا دعویْ ہے کہ وہ حمزہ شہباز کی بیوی ہیں۔

نواز شریف کی بیٹی مریم نواز اپنے والد کی انتخابی مہم بھر پور انداز میں چلا رہی ہیں اور انتخابی پوسٹرز پر مریم نواز کی تصاویر ہیں۔
سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر ان خواتین میں شامل ہیں جو اپنے والد کی بی اے کی ڈگری نہ ہونے کی وجہ سے دو بار رکن قومی اسمبلی چنی گئی تاہم اس بار وہ اپنے والد ملک نور ربانی کے حق میں دستبردار ہوگئی۔
فیصل آباد سے پیپلز پارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی راحیلہ بلوچ بھی اپنے والد کے انتخاب لڑنے کے باعث عام نشست سے امیدوار نہیں ہیں۔
مسلم لیگ نون کی سمیرا یاسر رشید اپنے سسر میاں رشید کی جگہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں تاہم اب ان کے سسر بی اے کی شرط ختم ہونے پر خود انتخاب لڑ رہے ہیں۔
مسلم لیگ نون کی ماروی میمن مخصوص نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہوئی تھیں تاہم اس بار وہ سندھ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے امیدوار ہیں۔
سابق وزیر دفاع اور تحلیل ہونے والے پیپلز پارٹی پیٹریاٹ کے سربراہ راؤ سکندر اقبال کی بیوہ اوکاڑہ سے پیپلز پارٹی کی امیدوار ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کے سینیٹر ہونے کی وجہ سے ان کی اہلیہ بشریْ اعتزاز لاہور سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑ رہی ہیں۔
فمیہدہ مرزا، سمیرا ملک، فردوس عاشق اعوان، ثمینہ گھرکی، فریال تالپور، عذرا افضل پچوہو، سائرہ افضل تارڑ، غلام بی بی بھروانہ، صائمہ بھروانہ، فرخندہ امجد اورخدیجہ عامر کا شمار ان ارکان قومی اسمبلی میں ہوتا ہے جو دوسری اور تیسری مرتبہ انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں۔
جمعت علماء اسلام اور جماعت اسلامی نے کسی خاتون کو عام نشستوں کے لیے ٹکٹ نہیں دی تاہم جمعت علماء اسلام کے سربراہ فضل الرحمان کے مدمقابل فلم سٹار مسرت شاہیں امیدوار ہیں۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی بھی کراچی سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔اس حلقے سے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف بھی امیدوار تھے تاہم ان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔
خواتین کو انتخابات میں عام نشستوں پر ٹکٹ دینے میں پیپلز پارٹی سرفہرست ہے جبکہ مسلم لیگ نون دوسرے اور تحریک انصاف تیسرے نمبر پر ہیں۔







