کار بم دھماکوں نےعراق کوہلا دیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شمالی عراق میں دو کار بم دھماکوں میں زبردست جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ افسران کے مطابق اس حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو ئے ہیں اور دیگر کئی افراد منہدم عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں یہ حملے عراق میں دن کے اختتام پر ہوئے ہیں اس سے قبل دن میں ایک مسجد اور ایک ریستوراں پربم حملوں میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دیگر ایک واقعہ میں عراق میں مزاحمت کاروں سے نپٹنے کے لیے تشکیل دیئے گئے نئے دستے کے کمانڈر وعیل ربائی کو بغداد میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ تال آفر میں ہونے والےیہ تازہ دھماکے ایک رہنماحسن بختاش کی رہائش گاہ کے باہر ہوئے ہیں جن کا تعلق مسعود برزانی کی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ دھماکے کی شدت سے پوری عمارت منہدم ہو گئی پولیس کے زرائع نے خبر رساں ایجنسی رائٹر کو بتایا پولیس کو ان دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی صحیح تعداد نہیں معلوم لیکن یہ تعداد 20 سے 30 کے درمیان ہے کیونکہ کچھ لوگ ابھی تک منہدم عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں۔ دیگر ایک واقعہ میں جنوبی بغداد کے محمودیہ قصبے میں ایک شیعہ مسجد کے باہر ایک کار بم دھماکے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر بچے ہیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق جس وقت ایک کار مسجد کے باہر آکر فوراً ہی دھماکے سے اڑائی گئی اس وقت وہاں بچے کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل دن میں بغداد کے شیعہ آبادی والے علاقے کے ایک ریستوراں کے باہر ایک اور کار بم دھماکہ ہوا۔ حملہ ریستوراں کےمصروف ترین وقت کے دوران کیا گیا تھا۔
اس حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے تھے اور سڑک پر کھڑی کئی کاروں میں آگ لگ گئی تھی۔ عراق کے شمالی شہر طز خرماتو میں ایک کار بم دھماکے میں پانچ عراقی شہری ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کرکک کے جنوب میں اٹھاسی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر میں کونسل کے دفاتر کے قریب پیش آیا۔ دریں اثناء سمارا میں قائم امریکی فوجی اڈے پر تین خودکش حملہ آوروں کی کارروائی کو بظاہر ناکام بنا دیا گیا ہے۔ البتہ اس واقعہ میں تین امریکی فوجی اور دو عراقی ہلاک جبکہ نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عراق میں ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے دوران ہونے والے پُر تشدد واقعات کے نتیجے میں 550 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||