 | | | پاکستان بھارت کشیدگی کے پس منظر میں اس دورے کو بڑی اہمیت کی نگاہ دے دیکھا جا رہا ہے |
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مدنظر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے جمعہ کے روز نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب پرنب مکھرجی سے ملاقات کی ہے۔ دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس اور چین کے وزیر خارجہ یانگ جیےچی نے بھی جمعرات کی شب ٹیلیفون پر پرنب مکھرجی سے بات چیت کی ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ پرنب مکھرجی نے کونڈولیزا رائس اور یانگ جیےچی کو بتایا کہ پاکستان ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ نے چین اور امریکہ سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ ڈالیں۔ جمعہ کے روز نئی دہلی میں پرنب مکھرجی اور شہزادہ سعود الفیصل کے درمیان بھی اس بارے میں بات چیت ہوئی ہے۔ اس ملاقات کے دوران پرنب مکھرجی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لیے متحد ہو۔ خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پرن مکھرجی اور سعود الفیصل نے صحافیوں سے بات چیت کی ہے۔ اس موقع پر سعود الفیصل نے دہشت گردی کو ’مکمل طور پر تباہ کرنے‘ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ممبئی جیسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ پرنب مکھرجی نے کہا: ’اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو مشترکہ طور پر کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔‘ بھارتی وزیر خارجہ نے مزید کہا: ’ہم مزید اس بات پر متفق ہوئے کہ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لیے جن اقدامات کی بھی ضرورت ہے ان پر بلا تاخیر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔‘
|