بہار کے بعد آسام میں بھی سیلاب | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ریاست بہار میں اب بھی لاکھوں لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی فوجی دن رات کام پر لگے ہیں۔ سیلاب اب ریاست آسام میں بھی پھیل گیا ہے جہاں حالات سنگین ہیں۔ آسام کے سولہ اضلاع میں سیلاب ہے جہاں تقریباً دس لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ منگل کے روز تک اس ریاست میں تقریباً ڈیڑھ ہزار گاؤں سیلاب سے متاثر ہوئے اور پندرہ افراد ہلاک ہوچکے تھے۔ آسام میں سیلاب کا یہ دوسرا دور ہے۔ اس بار کام رپ، لکھیم پور، دھیما جی اور موری گاؤں جیسے اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے برہم پترا میں پانی بڑھنے سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر بھی پانی بھر گیا ہے۔ ریاست بہار میں متاثرین کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکالنے کے لیے فضائیہ، بحریہ اور ملٹری دن رات کام میں لگے ہیں۔ وزیر اعلی نتیش کمار کا کہنا ہے کہ کئی لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے لیکن اب بھی بہت بڑی تعداد سیلاب میں پھنسی ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق متاثرین کو خوراک یا صاف پانی پہنچانا سب سے اہم مسئلہ ہے اور امدادای کارروائیاں جنگی پیمانے پر شروع کی گئی ہیں۔ منگل کو فوج کی مزید کمک بہار پہنچی ہے جبکہ نو ہیلی کاپٹر پہلے ہی سے امدادی کاموں میں لگے تھے۔ بحریہ کی جانب سے کشتیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا تاکہ متاثرین کو جلد از جلد باہر نکالا جا سکے۔
اٹھارہ اگست کو دریائے کوسی میں باڑ آنے کی وجہ سے ریاست کے سولہ اضلاع اب بھی سیلاب کی زد میں ہیں۔ ان میں سہرسا، ار ریا، سوپیل اور مدھیہ پورہ اضلاع میں حالات زیادہ خراب ہیں۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق تینتیس لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اسّی لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ لیکن غیر سرکاری طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ سیلاب سے تقریباً بارہ لاکھ لوگ بےگھر ہوئے ہیں اور اب انتظامیہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ان افراد کو کہاں رکھا جائے اور کس طرح انہیں خوراک، پانی اور ادویات مہیا کی جائیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار منی کانت ٹھاکر کے مطابق دریائے کوسی نیپال کے پشتے سے لے کر کورسیلا میں دریائے گنگا میں گرنے تک سوا سو کلومیٹر کی لمبائی میں بہار میں بہتا ہے۔ تاہم اب سیلاب کی وجہ سے دریا کا پانی کناروں کے دونوں جانب بارہ سے پندرہ کلومیٹر علاقے میں پھیل گیا ہے جس کی وجہ سے نقصان غیر متوقع رہا ہے۔ یاد رہے کہ اٹھارہ اگست کو نیپال کی سرحد کے نزدیک کوسی دریا پر بندھا ہوا بند ٹوٹ گیا تھا جس کی وجہ سے سیلاب آیا جبکہ حکام کا کہنا ہے کوسی دریا نے اپنا راستہ بدل دیا ہے اور اب وہ اس راستے پر بہہ رہا ہے جہاں دو سو برس پہلے بہا کرتا تھا۔ | اسی بارے میں انڈیا، سیلاب سے پچاس لوگ ہلاک21 June, 2008 | انڈیا سیلاب: کئی صوبوں میں ہلاکتیں 18 June, 2008 | انڈیا بہار کو بارش سے نجات نہیں30 September, 2007 | انڈیا ’سیلاب متاثرین امداد سےمحروم‘27 August, 2007 | انڈیا بہار: فصلوں کو شدید نقصان25 August, 2007 | انڈیا بہار سیلاب: چارے کا شدید بحران02 September, 2007 | انڈیا متاثرین تک پہنچنے میں مشکلات08 August, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||