BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت:
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
کشمیر: جنگ بندی اعلان اور ممکنہ ردعمل

کشمیر
گزشتہ دنوں ایک آپریشن میں نو شدت پسندوں کو مار گرایا گیا تھا
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پچھلے اٹھارہ سال سے مسلح مزاحمت کررہی عسکری جماعتوں کے اتحاد متحدہ جہاد کونسل نے انڈین افواج کے خلاف تین روزتک یکطرفہ ’سیز فائر‘ کا اعلان کیا ہے۔

اعلان کو علیٰحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کے سِوا تمام سیاسی حلقوں نے سراہتے ہوئے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ وہ جہاد کونسل کے اس ’مثبت اقدام‘ کا مثبت جواب دے۔

پیر کو ایک مقامی خبر رساں ادارے کو پاکستانی زیرانتظام کشمیر سے فیکس پر بھیجے گئے بیان میں جہاد کونسل کے ترجمان نے کہا ہے کہ حزب المجاہدین کے سربراہ اور جہاد کونسل کے چیئرمین محد یوسف شاہ عرف سید صلاح الدین کی سربراہی میں کونسل کا ایک غیرمعمولی اجلاس ہوا جس میں بارہ اکتوبر سے چودہ اکتوبر تک جموں کشمیر میں سرگرم تمام مسلح شدت پسند گروپوں کو کارروائیاں معطل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ’میدان کارزار میں سرگرم مجاہدین سے کہا گیا ہے کہ اس حکم پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔‘

جولائی سنہ دو ہزار میں بھی حزب المجاہدین نے یکطرفہ فائر بندی کا اعلان کیا تھا جسکے بعد حکومت ہند کی وزارت داخلہ کے افسروں کی ایک ٹیم اور حزب کمانڈروں کے درمیان سرینگر میں مذاکرات کا ایک دور بھی ہوا تھا۔ تاہم پندرہ روز کے بعد سیز فائر کا یہ فیصلہ واپس لیا گیا اور حزب نے اس کا جواز یہ بتایا کہ حکومت ہند نے مذاکرات میں اپنا روایتی مؤقف دہرانے کے سِوا کچھ نہیں کہا۔

News image
 اصل مسئلہ تو ہندوستانی بندوق کا ہے۔ دس لاکھ افواج روزانہ یہاں کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رہے ہیں۔انہیں سمجھنا چاہیئے کہ طاقتور کبھی بھی کمزور کی دلیل نہیں مانتا

حالیہ اعلان پر اکثر سیاسی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور یہ حلقے اس قدم کو معنی خیز قرار دے رہے ہیں ۔ تاہم تحریک حریت کشمیر کے سربراہ سید علی گیلانی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جہاد کونسل نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب پوری آبادی ہندوستانی فوج کے ظلم سے متاثر ہے۔‘ مسٹر گیلانی کا کہنا ہے کہ سیز فائر کی اصل ذمہ داری حکومت ہند پر عائد ہوتی ہے کیونکہ بقول انکے ہندوستانی میڈیا اور فوجی قیادت خود یہ بات دہراتے رہے ہیں کہ نو سو سے پندرہ سو کے درمیان مسلح افراد سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہمارے مجاہدین کی بندوق لوگوں کے مجموعی عذاب کا باعث ہوتی تو ان پر فرض تھا کہ وہ پہل کریں، لیکن اصل مسئلہ تو ہندوستانی بندوق کا ہے۔ دس لاکھ افواج روزانہ یہاں کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رہے ہیں۔انہیں سمجھنا چاہیئے کہ طاقت ور کبھی بھی کمزور کی دلیل نہیں مانتا۔‘

اسلامک سٹوڈنٹس لیگ کے لیڈر شکیل بخشی نے اس حوالے کہا کہ ’حزب المجاہدین کا یہ فیصلہ ہندوستانی وزیراعظم کے اُس بیان کا جواب ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر عسکریت پسند واقعی چاہتے ہیں کہ یہاں امن ہو تو انہیں سیزفائر میں پہل کرنا ہوگی۔‘

سابق مسلح کمانڈر اعظم انقلابی اس فیصلہ کو کشمیریوں کو سکون دلانے کا ایک اقدام سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’حکومت ہند ہمارے تہواروں کے موقعہ پر مختلف بہانوں سے ہمارے لوگوں کو ہلاک کرواتی تھی۔ تین روز تک انہیں کوئی بہانہ نہیں ملے گا۔‘

میر واعظ عمر فاروق نے، جوتشدد کے مقابلے میں بات چیت کو مسئلہ کشمیر کے حل کا بہترین ذریعہ سمجھتے ہیں، اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ حکومت ہند کے لئے ایسِڈ ٹیسٹ ( فوری آزمائش) ہوگا۔ ہم دیکھیں گے کہ دلّی والوں نے ردعمل نہ دکھایا تو دُنیا دیکھے گی کہ مسائل کے حل میں تشدد کا حامی کون ہے اور کون افہام و تفہیم کے حق میں ہے۔‘

News image
 دلّی والوں نے ردعمل نہ دکھایا تو دُنیا دیکھے گی کہ مسائل کے حل میں تشدد کا حامی کون ہے اور کون افہام و تفہیم کے حق میں ہے

کمیونسٹ پارٹی کے ممبراسمبلی نے، جو پچھلےدونوں حکومت ہند کو سیز فائر کے لئے آمادہ کروانے میں کافی سرگرم رہے، بتایا کہ ’یہ بہت اچھا قدم ہے۔ ہم حکومت ہند کو اس قدم کے سنجیدہ ردعمل کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کرینگے۔‘

واضح رہے قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر حکومت ہند کی طرف سے کوئی ’سنجیدہ اور بامعنی‘ پیشکش آتی ہے تو وہ سیز فائر کی تجویز پر غور کریں گے لیکن اس کے فوراً بعد انڈیا کی شمالی کمان کے سربراہ جنرل ایچ ایس پناگ نے جنگ بندی کے امکان کو مسترد کردیا۔ بعد ازاں اُنیس ستمبر کو ہندوستانی وزیر دفاع نے بھی کہا کہ فائربندی سے ’دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوجائیں گے۔‘

چند روز قبل جب ہندوستان کے نئے فوجی سربراہ جنرل دیپک کپور نے بھی سرینگر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’فوجی آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، تاہم اگر کوئی فیصلہ سیاسی سطح پر ہوتا ہے تو فوج اس پر عمل کرے گی۔‘

واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ سے عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں فوج اور پولیس فورسز نے پچاس کے قریب مسلح شدت پسندوں کوہلاک کیا ہے ،جن میں کئی سینیئر عسکری کمانڈر بھی شامل ہیں۔ان تصادموں میں تین فوجی میجر اور نو اہلکار بھی مارے گئے۔

عام لوگوں کو تکلیف
 مسلح قیادت کو احساس ہے کہ تشدد سے عام لوگوں کو بھی تکلیف ہوتی ہے۔اگر دلّی والے چاہیں تو یہ تین روز کی معیاد بڑھ بھی سکتی ہے، لیکن انہیں مسائل کے حل اور بات چیت کے عمل میں دلچسپی دکھانا ہوگی
صحافی طاہر محی الدین

سینیئر صحافی طاہر محی الدین کا کہنا ہے کہ حکومت ہند نے جہاد کونسل کے آفر کو نظرانداز کیا تو یہ آنے والے حالات پر اثرانداز ہوگا۔ مسٹر محی الدین نے بی بی سی کے ساتھ ایک گفتگو کے دوران کہا کہ ’پہلی بار یہاں کی مسلح قیادت نے ایک اجتماعی فیصلہ میں عیدالفطر کے موقعہ پر لوگوں کو راحت دینے کے لئے سیز فائر کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مسلح قیادت کو احساس ہے کہ تشدد سے عام لوگوں کو بھی تکلیف ہوتی ہے۔اگر دلّی والے چاہیں تو یہ تین روز کی معیاد بڑھ بھی سکتی ہے، لیکن انہیں مسائل کے حل اور بات چیت کے عمل میں دلچسپی دکھانا ہوگی۔‘

کب کیا ہوا؟

1994 تا 1998 : ریاست کے پہلے مسلح گروپ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے یکطرفہ فائر بندی کا اعلان کیا اور سیاسی جدوجہد کو متبادل کے طور اپنایا۔

1996: کشمیر کی سب سے طاقت ور عسکری جماعت حزب المجاہدین کے چار کمانڈروں نے تشدد ترک کرکے سیز فائر کا اعلان کیا اور اُسوقت کے ہندوستانی وزیرداخلہ ایس بی چوہان کے ساتھ دلّی میں ملاقات کی۔

2000: جولائی میں حزب المجاہدین کے اُس وقت کے چیف کمانڈر عبدالمجید ڈار نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس میں سیز فائر کا اعلان کیا۔ اس کے بعد ڈار کے نمائندہ کمانڈروں نے سرینگر میں حکومت ہند کے داخلہ سیکرٹری کی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کیے۔ پندرہ روز بعد سیزفائر ختم کیا گیا اور بعد ازاں مذاکرات میں شامل تقریباً سبھی کمانڈر ایک ایک کرکے مارے گئے۔ عبدالمجید ڈار کو بھی سوپور میں پاکستان روانگی سے قبل نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔

اسی سال نومبر میں وزیر اعظم اٹل بہاری واچپائی نے ماہ رمضان کے پیش نظر مسلح شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن روک دینے کا اعلان کیا ۔ فوج نے اس فیصلہ کو سیز فائر کا نام دینے سے احتراز کیا اور کہا کہ یہ دراصل جنگجوؤں کے خلاف غیر اقدامی آپریشن جاری رہینگے یعنی جوابی کاروائی کےطور فوج سرگرم رہے گی۔

آئیڈیل حل نہیں ہوگا
’کشمیر پر کچھ لو اور کچھ دو کی پالیسی‘
راجہ ذوالقرنین خانصدر کے’دورے‘
کشمیر میں صدر کے غیرملکی دورے
سردار عبدالقیوم خانسردار عبدالقیوم خان
’ کشمیر کے حل کا عمل جلد شروع ہوجائےگا‘
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد