بہار: ایڈز کے مریضوں کی مشکل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ریاست بہار میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ایچ آئی وی ایڈز مریضوں کی خاطر خواہ تعداد صحیح وقت پر دوا لینے سے قاصر ہے۔ ڈاکٹروں کے بقول دوا لینے میں ہونے والی تاخیر مریضوں کے لیے مشکلات پیدا کردے گی۔ واضح رہے کہ سیلاب زدہ اضلاع بیگو سرائے، سمستی پور، سیتامڑھی، مدھوبنی اور چمپارن سے ایچ آئی وی ایڈز کے کافی مریض ریاست کے دو مخصوص مراکز میں علاج کے لیے جاتے ہیں۔ ریاست میں فی الوقت صرف پٹنہ اور مظفر پور میں ایڈز کے مریضوں کا علاج کرنے والا ’اینٹی ریٹرو وائرل سینٹر‘ موجود ہے۔ پٹنہ میڈیکل کالج ہسپتال کے اے آر ٹی سینٹر کے ڈاکٹر امت داس نے بتایا کہ سینٹر میں عام دنوں میں نئے اور پرانے اوسطاً اسّی مریض آ رہے تھے لیکن سیلاب کے بعد یہ تعداد آدھی رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمستی پور اور بیگو سرائے سے آنے والے مریض بھی بہت کم تعداد میں سینٹر پہنچ پا رہے ہیں۔ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع دربھنگہ، سیتامڑھی، مدھوبنی، مشرقی اور مغربی چمپارن کے علاوہ دیگر علاقوں سے ایڈز کے علاج کے لیے کافی مریض مظفرپور کے شری کرشن میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کے اے آر ٹی سینٹر بھی جاتے ہیں مگر آج کل یہاں پہنچنے والے مریضوں کی تعداد بھی کافی کم ہو گئی ہے۔ ہسپتال میں اینٹی ریٹرو وائرل سینٹر کے انچارج ڈاکٹر سنیل کمار نے بتایاکہ سیلاب سے قبل ہر روز اوسطاً پچاس سے ساٹھ مریض آ رہے تھے جبکہ سیلاب کے دنوں میں یہ تعداد آدھی ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ندیوں کا پانی کم ہونے اور راستے بحال ہونے کے بعد یہ تعداد چالیس سے پینتالیس تک جا پہنچی ہے۔ ڈاکٹر سنیل نے بتایا کہ دوا لینے کے لیے مریض اپنے کسی رشتہ دار کو بھی بھیج سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کی صورت حال کے پیش نظر وہ اب معمول کے مطابق ایک ماہ کی جگہ دو ماہ کی دوا مریضوں کو دے رہے ہیں تاکہ انہیں کوئی دقت نہ ہو۔ |
اسی بارے میں بہار: سیلاب میں ہلاکتوں کا خدشہ25 July, 2007 | انڈیا بہار: سیلاب سے11 لاکھ افراد متاثر 28 July, 2007 | انڈیا بہار سیلاب: بگڑتی ہوئی صورتحال03 August, 2007 | انڈیا بہار سیلاب: ایک کروڑ افراد متاثر04 August, 2007 | انڈیا بہار: امدادی کارروائیاں شروع05 August, 2007 | انڈیا بہار: جان سے زیادہ پیارے مویشی 11 August, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||