’وزیر اعلیٰ آزاد براہِ راست ذمہ دار‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں علیٰحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی نے ریاست میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کےلیے وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد کو براہ راست ذمہ دار قرار دیا ہے۔ انہوں نے فوجی زیادتیوں کے خلاف پانچ جولائی سے ریاست میں احتجاجی مہم کا بھی اعلان کیا۔ اس مہم کے تحت پانچ جولائی کو لال چوک کے پرتاپ پارک میں ان کی جماعت کے کارکن دھرنا دیں گے جبکہ چھ جولائی کو پوری ریاست میں ہڑتال ہوگی۔ گیلانی کے مطابق سات جولائی کو شمالی قصبہ سوپور میں وہ جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔ منگل کی صبح پولیس نے گیلانی کو کپواڑہ روانہ ہونے سے قبل گھر میں نظربند کر دیا تھا جس کے بعد انہوں نے عجلت میں بلائی گئی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ چاہے کپواڑہ کی ’جھڑپ ہو یا بانڈی پورہ میں خواتین کی عزت پر فوجیوں کا حملہ، ان سب کے براہ راست ذمہ دار نام نہاد وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد ہیں۔ اس لیے فوجی ظلم و زیادتیوں کے خلاف پانچ جولائی کو ہم دھرنا دیں گے اور چھ جولائی یعنی جمعہ کو کشمیر وادی، جموں صوبے کے ڈوڈہ، بھدرواہ، گول، ارناس، بھنی، پونچھ، راجواری اور دیگر مسلم اضلاع میں ہڑتال ہوگی‘۔ پچھلے کئی روز سے کپواڑہ میں پولیس اور مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں کے خلاف مظاہرے کرنے والے شہریوں کے درمیان تصادم ہورہے ہیں۔ گیلانی نے ایسے واقعات کو حکومت ہند کی ’منظم سازش‘ کا حصہ قرار دیا ہے۔ بقول گیلانی کے ہندوستان ان حربوں کے ذریعے آزادی کا مطالبہ کرتی کشمیری قوم کے حوصلے توڑنا چاہتا ہے۔
انہوں نے ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان دفاعی تعاون کو کشمیر کے لیے ’خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہندوستان یہاں عوامی جذبات کو کچلنے کے لیے بالکل ایسے ہی حربے استعمال کررہا ہے جو اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے‘۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان عزائم ناکام بنانے کے لیے وہ پرامن مزاحمت کریں۔ گیلانی نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ’جنگی جرائم‘ میں ملوث فوجی اہلکاروں کو سزائیں دینے کی مجاز عدالتوں پر آرمی کا دباؤ ہوتا ہے۔ انہوں نے جج صاحبان سے بھی اپیل کی کہ وہ فوج کے اس رول کے خلاف اپنا احتجاج رجسٹر کرائیں۔ گیلانی نے مزید کہا کہ جموں کشمیر سے مکمل فوجی انخلاء ہونے تک تشدد کے مکمل طور پر ختم ہوجانے کا کوئی امکان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تو قابض فوج ہے۔ لوگوں پر ظلم کرتی ہے۔ اور ظلم کے خلاف مزاحمت ہونا ایک فطری بات ہے۔کیونکہ خون جہاں کہیں بھی بہتا ہے انتقام لیے بغیر نہیں رہتا‘۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کا صرف ایک روڈ میپ ہے اور وہ ہے بھارتی فوج کا جموں و کشمیر سے مکمل انخلاء۔ | اسی بارے میں گیلانی کے خلاف پولیس کیس23 April, 2007 | انڈیا کشمیرمیں ہڑتال سے عام زندگی متاثر17 January, 2007 | انڈیا بات چیت آئین کے باہر: گیلانی07 December, 2006 | انڈیا خودمختاری کو کھوکھلا کردیاگیا22 May, 2006 | انڈیا 130 بار مذاکرات ہوئے، کیا ملا؟23 May, 2006 | انڈیا کانفرنس میں شرکت سے انکار20 May, 2006 | انڈیا مشرف فارمولہ: خیر مقدم اور تنقید26 October, 2004 | انڈیا سید علی شاہ گیلانی نظر بند20 August, 2004 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||