نادیہ پرویز بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی |  |
 | | | پاکستان ہائی کمِشنر شاہد ملک ایک پریس کانفرنس کے دوران |
پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے تنازعے پر آج بھی اپنے اسی موقف پر برقرار ہے جس پر وہ ہمیشہ سے تھا۔ دارالحکومت دلی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ہندوستان کے ایک نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران پاکستان کے صدر پرویز مشرف کے بیان کو ہندوستان کے ذرائع ابلاغ نے صحیح معنوں میں پیش نہیں کیا تھا۔ شاہد ملک نے کہا: ’صدر مشرف کی تجاویز پر ہندوستان نے مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے لیکن جہاں تک یہ سوال ہے کہ کشمیر ہندوستان کا ایک اٹوٹ حصہ ہے، پاکستان اس سے متفق نہيں کرتا ہے اور نہ ہی کبھی کرےگا۔‘ اس انٹرویو کے بعد ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ صدر مشرف نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان کشمیر پر اپنا دعوی چھوڑ دےگا تو پاکستان بھی کشمیر پر اپنا دعوی چھوڑ دےگا۔  |  جب تک کشمیریوں کی خواہش کے مطابق اس مسئلے کا حل نہیں نکالاجائے گا اس وقت تک یہ مسئلہ برقرار رہے گا۔  ہائی کمشنر شاہد ملک |
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک کشمیریوں کی خواہش کے مطابق اس مسئلے کا حل نہیں نکالاجائے گا اس وقت تک یہ مسئلہ برقرار رہے گا۔ ہندوستان میں تعینات پاکستانی سفیر شاہد ملک نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جامع مذاکرات جاری ہیں۔جب ان سے دنیا کے سب سے اونچے میدانِ جنگ سیاچن کے بارے میں پاکستانی موقف پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: ’ابھی دونوں ملکوں کے سامنے بعض تکنیکی پہلو ایسے ہیں جنہيں حل کرنا باقی ہے۔‘ ’میں یہ نہیں کہوں گا کہ اس معاملے پر بات چیت میں کوئی پیش رفت نہيں ہوئی ہے کیونکہ پاکستان نے اس سلسلے میں کئی تجاویز دی ہیں اور میں یہاں پر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کسی بھی خطے پر اپنا قبضہ کرنے کا خواہاں نہيں ہے۔‘ دلی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے پاکستان میں دہشتگردوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے کسی قسم کے تربیتی کیمپ کی موجودگی کی بھی تردید کی۔ |