کوٹہ پالیسی درست ہے: سپریم کورٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی سپریم کورٹ نے پسماندہ طبقے کو سرکاری نوکریوں میں کوٹہ پالیسی کے مطابق ترقیوں کے لیے آئین میں ترمیم کو صحیح قرار دیا ہے لیکن عدالت نے کہا ہے کہ اجتماعی طور پر پچاس فیصد سے زیادہ سیٹیں مخصوص نہیں کی جاسکتیں۔ حکومت نے پسماندہ طبقے کی فلاح کے لیے سرکاری اداروں اور نوکریوں میں ستائیس فیصد کوٹہ دینے کے لیے آئین میں ترمیم کی تھی جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے مفاد عامہ کی کئی عرضداشتوں پر سماعت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی ہدایات دی ہیں کہ حکومتوں کو چاہیے کہ کوٹے کے نفاذ میں پسماندہ طبقے کی درست نمائندگی ہو اور اسکے اصل حقداروں کو یہ سہولیات مہیا کی جائیں اور مالدار طبقہ کو کوٹے سے دور رکھا جائے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے پسماندہ طبقے میں بھی کوٹے کا فائدہ وہ لوگ اٹھاتے ہیں جو معاشی طور پر خوشحال ہیں اور پہلے سے ہی انہیں بہترین سہولیات مہیا رہی ہیں۔ ہندوستان میں شیڈول کاسٹ اور شیڈول قبائل کو پہلے ہی سے بائیس فیصد سے زیادہ ریزرویشن حاصل ہے۔ حکومت نے پسماندہ طبقے کے لیے سرکاری تعلیمی اداروں اور سرکاری نوکریوں میں ستائیس فیصد ریزرویشن کے لیے آئین میں ترمیم کا بل جب پیش کیا تو سبھی سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے اسکی حمایت کی تھی۔ ہندوستان میں ریزرویشن مسئلہ مدت سے سیاست میں اہمیت کا حامل ہے۔ ایک طبقہ اس کی مخالفت میں سرگرم ہے تو دوسرا اس کی حمایت کرتا ہے۔ گزشتہ دنوں جب اعلٰی تعلیمی اداروں میں پسماندہ طبقے کے لیے ستائیس فیصد سیٹیں مخصوص کی گئیں تو کئی اداروں میں زبردست ہنگامے ہوئے تھے۔ ریزرویشن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ذات پات کی بنیاد پر پسماندہ طبقے کے ساتھ صدیوں سے امیتاز ہوتا رہا ہے اور انکی حالات بہتر کرنے کے لیے کوٹہ ضروری ہے۔ جب کہ اس کے مخالفین کہتے ہیں کہ ذات پات کے بجائے صلاحیت کی بنیاد پر انتخاب ہونا چاہیے لیکن سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد ریزرویشن کے مخالفین کا حکومت پر دباؤ کم ہوجائے گا۔ | اسی بارے میں پسماندگی کوٹہ: حکومت سے جواب طلبی29 May, 2006 | انڈیا انڈیا:پسماندہ طبقے کےلیئے27 فیصدکوٹہ24 May, 2006 | انڈیا کوٹہ: بہار کے وزیراعلیٰ کی مشکل20 May, 2006 | انڈیا کوٹے کے لیئے نئی کمیٹی مقرر17 May, 2006 | انڈیا ریزرویشن کی سیاست16 May, 2006 | انڈیا علیگڑھ: مسلمانوں کا کوٹہ نہیں05 October, 2005 | انڈیا مذہبی بنیاد پر کوٹہ نہیں: عدالت21 September, 2004 | انڈیا مسلم کوٹہ کیس، سماعت ملتوی27 July, 2004 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||