نیہا دھوپیا پاکستانی فلم میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایسا نہیں ہے کہ صرف لولی وڈ کے ستارے ہی بولی وڈ کی فلموں میں کام کر رہے ہیں۔ بولی وڈ کے ستارے بھی اب لولی وڈ میں کام تلاش کررہے ہیں ۔ بولی وڈ میں آئٹم گرل کہلانے والی اداکارہ نیہا دھوپیا اب پہلی مرتبہ ایک پاکستانی فلم ’کبھی پیار نہ کرنا‘ میں آئٹم نمبر کریں گی۔ فلمساز جاوید رضا کافی عرصہ سے اس پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنی فلم میں آئٹم رقص اور گیت کے لیے پہلے ارباز خان کی بیوی ملائیکہ ارورہ کو لینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ملائیکہ اس وقت بہت مصروف ہیں اس لیے جاوید نے نیہا دھوپیا کو اس آئٹم نمبر کے لیےراضی کر لیا ہے۔ اس گیت کو ممبئی میں ہی فلمایا جائےگا۔ فلم کی شوٹنگ بھی بہت حد تک ممبئی میں ہو گی۔ ابھی طے نہیں ہے لیکن جاوید اس آئٹم نمبر کے لیے سروج خان کو بطور ہدایت کار سائن کر سکتے ہیں۔ جاوید اس کوشش میں ہیں کہ فلم مکمل ہونے کے بعد وہ دونوں ممالک میں اس کی نمائش کریں۔ البتہ پریمیئر وہ پاکستان میں کریں گے۔ انہیں یقین ہے کہ مغل اعظم کی نمائش کے بعد بھارتی فلموں کی نمائش کے لیے پاکستان میں راہیں کھل جائیں گی۔ لولی وڈ کی کئی اداکارائیں اس وقت بولی وڈ میں کام کر رہی ہیں جس میں اس وقت میرا کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کر رہی ہیں۔ نظر کے بعد لکی علی کے ساتھ ان کی فلم کسک جلد ہی ریلیز ہوگی۔ لیکن اسی کے ساتھ وہ فلم امراؤ جان میں پریانکا چوپڑہ کے ساتھ ہیں اور مہیش بھٹ کی مزید دو فلمیں انہوں نے سائن کر لی ہیں۔ ثنا نواز امتوج مان کی فلم ’قافلہ‘ میں ہیروئین ہیں۔ لیکن پہلی مرتبہ کسی بولی وڈ اداکارہ نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کے لیے سائن کیا ہے۔ اگر نیہا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دوسری اداکاراؤں نے بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کی پیشکش منظور کر لی تو دونوں ممالک میں فنکاروں کے یکساں تبادلے کے ساتھ لولی وڈ کا کینوس بھی وسیع ہو جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||