 |  میرا کو بھاری جرمانہ کیا جا سکتا ہے |
حکومتِ پاکستان ملکی اداکاراؤں کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔ پاکستان کی مشہور فلم سٹار مِیرا کی جانب سے بھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی فلم’ نظر‘ میں چند مناظر فلمائے جانے کے بعد حکومت پاکستان نے وزارتِ ثقافت سے کہا ہے کہ اس سلسلے میں سخت کارروائی کی جائے۔ میرا اس وقت بھارت میں فلم نظر کی شوٹنگ کر رہی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فلم ’نظر‘ میں بھارتی فلم اداکار اشمت پٹیل کے ساتھ میرا کے بوس و کنار کے سین کرنے پر پاکستانی وزارتِ ثقافت میرا پر بھاری جرمانہ عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں میرا نے ممبئی میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی ایک مذہبی تنظیم انہیں دھمکیاں دے رہی ہے تاہم انہوں نے اس تنظیم کا نام نہیں بتایا تھا۔ |