 |  میرا کے یہ قابل اعتراض مناظر فلم ’نظر‘ کے لیے فلم بند کیے گئے ہیں |
پاکستانی اداکارہ میرا کو ایک بھارتی فلم میں قابل اعتراض مناظر فلم بند کرانے پر قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس کے باعث انہوں نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ میرا بھارتی فلمی صنعت کے گڑھ ممبئی میں ان دنوں ایک فلم کی عکاس بندی میں مصروف ہیں۔ گزشتہ ہفتے لاہور سے شائع ہونے والے ایک فلمی شمارے نے اس بھارتی فلم کے ان قابل اعتراض مناظر کی تصاویر شائع کی تھیں۔ پاکستان میں رائج سینسر کے قوانین کے تحت ان مناظر کو پردہ سکرین پر نہیں دکھایا جاسکتا۔ بھارت کے مشہور ہدایت کار مہیش بھٹ کی فلم ’نظر‘ اس سال نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
 |  ’نظر‘ فلم کے ہدایت کار مہیش بھٹ |
لاہور کے جریدے نے یہ تصاویر اس دعوے کے ساتھ شائع کی ہیں کہ ان کے پاس اس فلم میں میرا پر فلمبند کیے جانے والے فحش مناظر کی اور بھی تصاویر ہیں جن کو مفادِ عامہ میں شائع نہیں کیا جاسکتا۔ستائیس سالہ میرا نے حکومت کو دی جانے والی درخواست میں کہا ہے کہ ان کو انتہا پسند عناصر سے خطرہ ہے اور ان کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کو انہیں نے بتایا کو وہ اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہ صدر پاکستان کو ان کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے۔ تاہم میرا کے والد نے اس معاملے کو دبانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ان کے گھر آئے تھے لیکن وہ اس مسئلہ کو بڑھانا نہیں چاہتے۔ |