شیبو سورین ناکام، ارجن منڈا نامزد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں کانگریس کے اتحادی اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ، جے ایم ایم نامزد وزیراعلیٰ شیبو سورین مستعفی ہو چکے ہیں اور گورنر نے بی جے پی اتحاد، این ڈی اے کے ارجن منڈا کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ ارجن منڈا اس سے پہلے بھی جھاکھنڈ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں اور انہیں اکیس مارچ تک اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہے۔ اس سے پہلے دلی سے بی بی سی کے نامہ نگار شیام سندر کے مطابق وفاقی کابینہ کی ایک کمیٹی نے جو ریاستی امور کی نگرانی کرتی ہے جمعہ کو اپنے اجلاس میں جھارکھنڈ کے مسئلہ پر غور کیا۔ کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی کہ شیبو سورین کو آج جمعہ کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا تھا لیکن وہ اعتماد حاصل نہیں کر پائے اور اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا۔ کمیٹی کا خیال تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سورین حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ اجلاس کے بعد مرکزی وزیرداخلہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیبو سورین کو مستعفی ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ریاست میں صدر راج نافذ نہیں کیا جائے گا اور دوسرے اتحاد کو اکثریت ثابت کرنے کا اور حکومت بنانے کا موقع ملنا چاہیے۔ ان کا اشارہ این ڈی اے کے اتحاد کی جانب تھا۔ اس سے پہلے جھارکھنڈ کی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں شیبو سورین کا اپنی اکثریت ثابت کرنی تھی لیکن اجلاس وقفے وقفے سے دو بار ملتوی کیے جانے کے بعد آئندہ منگل تک ملتوی کر دیا گیا۔ اسپیکر نے سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے کی کارروائی نہیں کرائی اور اجلاس آئندہ منگل تک ملتوی کر دیا۔ اجلاس کے دوران این ڈی کے اتحاد کے لوگ اکتالیس ارکان کے ساتھ موجود رہے۔ واضح رہے کہ جھارکھنڈ اسمبلی کے ارکان کی کل تعداد چالیس ہے اور شیبو سورین کو اتنے ارکان کی حمایت ایسا لگاتا ہے کہ حاصل نہیں ہو پائی۔
اب گورنر این ڈی اے کے نمائندے اور سابق وزیراعلیٰ ارجن منڈا کو حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق اجلاس کے ملتوی کیے جانے کے بعد گورنر نے اسپیکر کو اور شیبوسورین کو طلب کیا اور خیال کیا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران ہی انہوں نے شیبو سورین کا مستعفی ہونے کے لیے کہا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||