صلاح الدین بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی |  |
 |  سرحدی تنازعہ انیس سو باسٹھ میں جنگ کے بعد شروع ہوا |
ہندوستان اور چین باہمی اختلافات دور کرنے کے لیے پہلی بار نئی دلی میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان سرحدی تنازعہ، دوطرفہ تعلقات، اور عالمی امور پر مشترکہ حکمت عملی جیسے معاملات پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ ایک روز کی بات چیت کے لیے چین کے نائب وزیر خارجہ اؤ داوئی نئی دہلی آئے ہیں۔ جبکہ ہندوستان کی نمائندگی خارجہ سیکریٹری شیام سرن کر رہے ہیں۔ ہندوستان اور چین برسوں پرانا سرحدی تنازعہ حل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ لیکن اس سمت میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم دونوں ملک آپس میں اقتصادی و سیاسی رشتے مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ امکان ہے کہ فریقین ان تمام مسائل پر بات چیت کریں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بات چیت میں عالمی امور پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی۔ مشرق وسطیٰ میں امریکی پالیسیاں، عراق کی صورت حال اور ایران و شمالی کوریا کے جوہری منصوبوں جیسے کئی مسائل پر بھی دونوں ملک تبادلہ خیال کریں گے۔ مذاکرات میں چینی وزیراعظم وین جیاباؤ کے آئندہ ہندوستان کے دورے کو بھی حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔ مسٹر باؤ جلد ہی ہندوستان کے دورے پر آنے والے ہیں۔ گزشتہ برس ہندوستان کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی نے چین کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت دونوں رہنماؤں نے سرحدی تنازعے کو حل کرنے کے لیے کچھ رعایات دینے کی بات کی تھی۔ دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعہ انیس سو باسٹھ میں جنگ کے بعد شروع ہوا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدگی کی نذر ہو گئے تھے۔ |