بہار میں سیاستدان قتل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بِہار میں حکام کے مطابق ماؤ نواز باغیوں نے ایک سیاسی رہنما کو قتل کردیا ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ راجیش کمار کا تعلق گیا سے تھا اور وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں لوک جن شکتی پارٹی کے امیدوار تھے۔ گیا کے مجسٹریٹ چیتنیا پرساد کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات کو راجیش اپنی انتخابی مہم میں مصروف تھے کہ اچانک تقریباً ایک سو مسلح افراد نے انکی گاڑی کو گھیر لیا۔ ان لوگوں نے ان پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں راجیش، انکا باڈی گارڈ، ڈرائیور اور ایک دیگر شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگۓ۔ راجیش امام گنج حلقے سے انتخاب لڑ رہے تھے۔ لوک جن شکتی پارٹی کے لیڈر اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے ریاست میں لالو پر ساد یادو کی جماعت راشٹریہ جنتادل کی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ لالو پرساد یادو اور رام ولاس پاسوان مرکز میں کانگریس کے زیر قیادت متحدہ ترقی پسند محاذ حکومت میں وزیر ہیں۔ لیکن ریاست بہار میں دونوں ایک دوسرے کے سیاسی حریف ہیں۔ بہار میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور پہلے دور کے لیے انتخابی مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||