کانگریس سے اتحاد غیرضروری: لالو | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ریاست بہار کی حکمران جماعت کے سربراہ لالو پرساد یادو نے آئندہ ماہ کے ریاستی انتخابات کے لئے کانگریس کے ساتھ انتخابی اتحاد کو غیرضروری قرار دیا ہے۔ لالو پرساد یادو مرکز میں کانگریس کی سربراہی والی مرکزی حکومت میں ریلوے منسٹر ہیں۔ امیدی کی جارہی تھی کہ وہ کانگریس کے ساتھ مل کر ریاست میں انتخابات لڑیں گے۔ لالو پرساد یادو کی اہلیہ رابری دیوی ریاست بہار میں وزیراعلی کے عہدے پر فائز ہیں۔ بہار میں لالو پرساد یادو کی جماعت گزشتہ پندرہ برسوں سے اقتدار میں ہے اور اسے کسی بڑے اپوزیشن کا سامنا نہیں ہے۔ بہار سمیت ہندوستان کی چار ریاستوں میں آئندہ ماہ ریاستی اسمبلیوں کے لئے انتخابات ہونے والے ہیں۔ لالو پرساد یادو نے نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ ریاست میں انتخابی اتحاد کے موضوع پر کانگریس کے رہنماؤں کے ساتھ مزید کوئی بات چیت نہیں کریں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ لالو پرساد یادو کانگریس سے اس لئے ناراض ہیں کہ اس نے بہار کی پڑوسی ریاست جھارکھنڈ میں علاقائی جماعت جھارکھنڈ مکتی مورچہ سے انتخابی اتحاد قائم کرلی ہے۔ جھارکھنڈ پہلے ریاست بہار کا حصہ تھا۔ تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق لالو پرساد یادو کی اس ناراضگی سے مرکز میں کانگریس کے ساتھ ان کی جماعت کے اتحاد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ریاست بہار میں کانگریس اہم جماعت نہیں ہے۔ تاہم یہ خیال کیا جارہا تھا کہ لالو پرساد یادو کانگریس کے ساتھ انتخابی اتحاد قائم کریں گے تاکہ ان میں ’غیرمتوقع نتائج‘ کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔ لالو پرساد یادو کا پندرہ برسوں سے بہار کی سیاست پر تقریبا کنٹرول ہے اور انتخابات میں دنیا کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ وہ اقتدار پر کنٹرول برقرار رکھ سکتے ہیں یا نہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||