بنیادی سوال پر سودا نہیں: نٹور | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کمپوژٹ ڈائیلاگ صحیح راستے پر جاری ہیں لیکن کشمیر جیسے بنیادی مسئلے پر سودے بازی نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت میں کئی معاملات میں کچھ مشکلات بھی ہیں تاہم دونوں ملکوں کے درمیان ماحول اچھا ہے۔ بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں نٹور سنگھ سے جب یہ پوچھا گیا کہ بگلیہار بات چیت کی ناکامی کے امن مذاکرات پر کیا اثرات مرتب ہوں گے تو ان کا کہنا تھا: ’ہم نے اعتماد سازی کی غرض سے پاکستان کو تمام پہلوؤں پر بہتر فارمولے دیے ہیں۔ کچھ میں پیش رفت ہورہی ہے اور کچھ میں نہیں۔‘ ان کا مزید کہنا تھا: ’مجھے امید ہے کہ جب میں آئندہ ماہ اسلام آباد جاؤں گا تو ان سب معاملات پر پاکستانی وزیرخارجہ محمود قصوری صاحب سے بات چیت ہوگی۔ ممکن ہے کہ صدر پرویز مشرف سے بھی ملاقات ہو تب ان سب کا ذکر ہوگا۔ ابھی تک کمپوژٹ ڈائیلاگ صحیح راستے پر چل رہے ہیں۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی مشکل ہی نہیں ہے۔ ‘ نٹور سنگھ نے کہا: ’اگر سرینگر اور مظفرآباد کے درمیان بس سروس اور دونوں کے درمیان ریل راستے بحال ہوجائیں تو اس کا بھی فرق ضرور پڑےگا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ماحول بھی کافی اچھا ہے۔‘ نٹور سنگھ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ عام طور پر عالمی برادری میں یہ کہا جاتاہے کہ ہندوستان کے رویے میں لچک نہیں تو ان کا کہنا تھا: ’جو بنیادی سوال ہے اس پر ہم کوئی سود ے بازی تو کرنہیں سکتے۔ کشمیر صرف چند کلو میٹر زمین کا سوال نہیں ہے بلکہ وہ ہمارے سیکولرزم کی ایک نشانی ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے ملک کی ایک ریاست میں مسلمان اتنی بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔‘ نٹور سنگھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر عالمی برادری نے ہندوستان کے اس موقف کی حمایت کی ہے کہ جموں کشمیر میں دراندازی کے سبب تشدد میں اضافہ ہوا تھا۔ نٹور سنگھ نے کہا ہندوستان دنیا میں ایک مثالی ملک بننا چاہتا ہے جہاں امن و سلامتی ہو اور وہ عالمی امور کے تئیں بھی سنجیدہ ہو۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ ’ہم بر صغیر یا جنوبی ایشیا میں سپر پاور بن کر ابھرنا چاہتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی رکنیت کیلیۓ بہت سے ممالک نے حمایت کی ہے اور ہندوستان اس کے معیار پر پورا بھی اترتا ہے۔ لیکن یہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اور اتنی آسانی سے حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عوام سلامتی کونسل میں ویٹو اختیارات کے بغیر رکنیت حاصل کرنے پر راضی نہیں ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||