BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 10 December, 2008, 18:25 GMT 23:25 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دہشت گردی کے خلاف ’خان‘

شاہ رخ خان
ایک سچا مسلمان کبھی دہشت گرد ہو ہی نہیں سکتا: شاہ رخ خان

ممبئی پر ہونے والے خون ریز حملوں پر بھارتی فلمی صنعت کے چار خانوں، شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان اور سیف علی خان نے بہت کھل کر واضح لفظوں میں دہشت گردی اور اس کے پیچھے کے عوامل پر اظہار خیال کیا۔

شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ایک سچا مسلمان کبھی دہشت گرد ہو ہی نہیں سکتا۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ روز قرآن شریف پڑھتے ہیں لیکن کہیں بھی یہ نہیں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے ’جہاد‘ سے جنت ملتی ہے۔ ان کے مطابق اسلام کا دہشتگردی سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔

انہوں نے قوم اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ چھبیس نومبر کے حملوں نے ان کے اندر کے ہندوستانی کو بیدار کر دیا۔ان کا خیال ہے کہ اس حملے کے بعد انہوں نے شہر میں ہی نہیں پورے ملک میں ایک بیداری کی لہر محسوس کی۔

یہ تو استحصال ہے
News image
 جو کچھ ہوا ہے وہ مذہب کے نام پر ہوا ہے لیکن جنہوں نے کیا ہے ان کا مذہب سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ غربت سے اٹھا کر انہیں خطیر رقم دینے کا وعدہ کریں اور دہشت گردی کی تربیت دی جائے تو وہ اسلام کے نام پر نہیں وہ استحصال ہے
سلمان خان

خان ہر سیاسی لیڈر کو بدعنوان نہیں مانتے۔ ان کے مطابق اچھے لیڈروں اور نوجوانوں کو ایک ساتھ مل کر ان حالات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

سلمان خان نے البتہ شاہ رخ سے چند قدم آگے بڑھتے ہوئے کہا کہ اب چونکہ امراء پر حملہ ہوا ہے اس لیے حکومت ان کی بات سنے گی۔ ’اگر پہلے ہی بم دھماکوں اور دیگر حملوں کے سلسلہ میں مناسب کارروائی ہو جاتی تو شاید یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔‘

سلمان نے کہا کہ جو کچھ ہوا ہے وہ مذہب کے نام پر ہوا ہے لیکن جنہوں نے کیا ہے ان کا مذہب سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ غربت سے اٹھا کر انہیں خطیر رقم دینے کا وعدہ کریں اور دہشت گردی کی تربیت دیں تو وہ اسلام کے نام پر نہیں استحصال ہے۔

سلمان کہتے ہیں کہ پاکستان بھی دہشت گردی کی مار جھیل رہا ہے۔ بے نظیر بھٹو بھی اس طرح دہشت گردی کا شکار ہوئیں اور انہیں انتہائی بے رحمی کے ساتھ ہلاک کر دیا گیا، پرویز مشرف پر کئی حملے ہوئے، ہوٹل میریئٹ پر تباہ کن حملہ ہوا۔

’میں وہاں کا اخبار نہیں پڑھتا لیکن کیا وہاں کے لوگ ان حملوں کے لیے ہندستان کو ذمہ دار مانتے ہیں؟ نہیں ۔ایک دوسرے پر تہمت لگانے سے بہتر ہے کہ جب دونوں ممالک ہی ایسے خطرناک دور سے گزر رہے ہیں اور ان کے مسائل ایک ہیں تو دونوں کو مل جل کر کوئی حل نکالنا چاہیئے۔‘

بیمار لوگ
News image
 یہ بیمار ذہن کے لوگ ہیں جو مذہب کی آڑ میں برے کام انجام دیتے ہیں
عامر خان

سلمان نے حملہ آوروں سے سوال کیا کہ ان حملوں میں جو مسلمان ہندو سکھ اور عیسائی مارے گئے انہیں مار کر آخر کیا ملا؟

عامر خان نے ان حملوں کے بعد عید کے روز اپنے گھر پر پریس کانفرنس طلب کی تھی۔ بازو پر سیاہ پٹی باندھے عامر نےاپنے جذبات کا اظہار ان الفاظ میں کیا تھا کہ حملوں نے انہیں دہلا کر رکھ دیا تھا اور وہ اب تک ان حملوں کے صدمے سے اُبھر نہیں سکے ہیں۔انہوں نے خدا سے دعا کی کہ وہ ایسے لوگوں کو نیک ہدایت دے۔ عامر نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ یہ بیمار ذہن کے لوگ ہیں جو مذہب کی آڑ میں برے کام انجام دیتے ہیں۔

عامر نے اس وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب لوگ تاج پیلیس میں یرغمال تھے اور دہشت گرد دستی بموں سے حملہ کر رہے تھے تو انہیں تاج ہوٹل کی عمارت سے نہیں اندر پھنسے لوگوں سے ہمدردی تھی، ان کا خیال آرہا تھا۔اس وقت انہوں نے خود کو بہت بے بس محسوس کیا تھا۔

سیف علی خان نے ان حملوں پر غم اور غصہ کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ یہ کہتے ہیں کہ ممبئی کی سپرٹ بہت اچھی ہے، لوگ فورا اپنے پیروں پر کھڑے ہو جاتے ہیں لیکن اس کے علاوہ ممبئی شہریوں کے پاس کوئی چارہ ہی نہیں ہے وہ آخر کیا کریں؟ سیف نے ان حملوں کو حکومت کی ناکامی قرار دیا۔

ممبئی پر ہوئے خوں ریز حملوں کی مذمت انڈسٹری کے ان چار خانوں کے علاوہ دیگر فنکاروں، فلمسازوں اور انڈسٹری سے وابستہ ہر فرد نے اپنے انداز میں کی۔امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں افسوس ظاہر کیا، نغمہ نگار جاوید اختر ان کے بیٹے فلمساز فرحان اختر، اداکارہ شبانہ اعظمی، پریتی زنٹا نے ممبئی میں حملوں کے خلاف گیٹ وے آف انڈیا میں ایک شاندار اجتماع میں شرکت کی اور ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اسی بارے میں
تقسیمِ ہند: ناول اور فلمیں
28 August, 2007 | فن فنکار
بھگت سنگھ: صد سالہ تقریبات
27 September, 2007 | فن فنکار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد