ریحانہ بستی والا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی |  |
 | | | سلمان خان کو ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر رہا کیا گیا ہے |
ضمانت پر رہائی کے بعد بالی ووڈ سٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ جلد ہی مقدمے سے بری ہو جائیں گے۔ ’انشااللہ میں جلد رہا ہو جاؤں گا کیونکہ میں بے قصور ہوں‘ یہ تھے وہ الفاظ جو سلمان خان نے اپنی رہائی کے بعد ذرائع ابلاغ سے کہے۔ جودھپور کی جیل سے رہائی کے بعد سلمان خان خصوصی طیارہ کے ذریعہ ممبئی پہنچے جہاں انہوں نے پہلے سے موجود میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں اتنا جانتا ہوں کہ اوپر والے کی مرضی کے بغیر پتہ بھی نہیں ہلتا اور شاید یہ اس کا آرڈر ہے جو وہ کسی اور کے ذریعہ پاس کر رہا ہے۔‘
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سلمان نے کہا کہ ’اگر وہ چاہتا ہے کہ میں اس وقت مشکلات سےگزروں تو گزر رہا ہوں لیکن مجھے یقین ہے کہ وہی مجھے اس سے باہر بھی نکالے گا۔ دیڑھ سال، ساڑھے تین سال اور پانچ سال کی سزا کا اگر حساب لگائیں تو بہت لمبی سزا ہو سکتی ہے لیکن میں انشااللہ اس سے باہر نکل آؤں گا۔‘سلمان نے جیل میں گزارے وقت کے بارے میں بتایا کہ ’فرصت تھی اس لیے میں نے اپنے شوق کو پرا کیا اور کچھ سکیچ بنائے ہیں جنہیں میں فروخت کروں گا اور ملنے والی رقم اپنے فاؤنڈیشن میں غریب بچوں کی امداد اور فلاح کے لیے استعمال کروں گا۔‘
 | سسٹم الگ  ’وہاں کا سسٹم الگ ہے لیکن پرابلم اس وقت ہوتا ہے جب آپ کو یہ خیال آتا ہے کہ آپ کے اپنے آپ کے بارے میں سوچ کر رنجیدہ ہو رہے ہوں گے  سلمان خان |
سلمان خان کے لیے جیل کی راتیں بہت تکلیف دہ تھیں جس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’وہاں کا سسٹم الگ ہے لیکن پھر بھی آپ خود کو ایڈجسٹ کر سکتے ہو لیکن پرابلم اس وقت ہوتا ہے جب آپ کو یہ خیال آتا ہے کہ آپ کے اپنے آپ کے بارے میں سوچ کر رنجیدہ ہو رہے ہوں گے۔‘سلمان نے میڈیا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ آپ میرا تعاقب کرنا چھوڑ دیجئے میں آپ تک اپنی ہر خبر پہنچاؤں گا۔‘ سلمان نے نوجوانوں کو بھی نصیحت کی اور کہا کہ ’سلو بھائی سلو بھائی کہہ کر گاڑی تیز مت چلائیں موٹر سائیکل پر کرتب مت دکھائیں۔ میں اب تیز رفتاری دیکھ کر ڈر جاتا ہوں۔‘ واضح رہے کہ سلمان پر تیز رفتار کار چلانے کے ایک حادثہ میں ایک فرد کے ہلاک اور چار افراد کے زخمی ہونے کا کیس بھی ممبئی کی عدالت میں چل رہا ہے۔ سلمان خان نے شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا ایک بار پھر فلسفیانہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’شادی کا ابھی وقت شاید نہیں آیا ہے اور وہ اس لیے کہ اوپر والے کی مرضی کے بغیر پتہ بھی نہیں ہلتا۔‘
 |   بھائی سلو بھائی کہہ کر گاڑی تیز مت چلائیں موٹر سائیکل پر کرتب مت دکھائیں۔ میں اب تیز رفتاری دیکھ کر ڈر جاتا ہوں  |
سلمان خان جب جمعہ کی شب خصوصی طیارہ کے ذریعہ ممبئی ایئرپورٹ اترے تو وہیں سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے ان کا تعاقب شروع کر دیا تھا۔ان کی تصویر کھینچنے کے چکر میں ایک نجی چینل کے کیمرہ مین اور صحافی نے خود کو زخمی کر لیا اور اب وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔سلمان کےباندرہ میں واقع اپنے گھر گیلیکسی اپارٹمنٹ کے سامنے سینکڑوں پرستاروں کا ہجوم تھا جس سے بچنے کے لیے قطرینہ کیف، بہن الویرا کو عمارت کی عقبی دیوار پھاند کر اندر داخل ہونا پڑا۔ سلمان نے اپنے گھر کی گیلری میں آکر پرستاروں کو ہاتھ ہلا کر ان کا جواب دیا۔نیچے سے ہی لوگ گلدستے پیش کر رہے تھے۔ کچھ نوجوان ان کے محافظوں کا گھیرا توڑ کرسلمان سے ہاتھ ملانے کے لیے عمارت کے چھجے پر چڑھ گئے۔ رات گئے تک جب بھیڑ نہیں ہٹی تو سلمان کے وکیل دپیش مہتہ نے لوگوں سے گزارش کی کہ ’سلمان اب تھک چکے ہیں اور ان کی اپنی نجی زندگی ہے اس لیے آپ سب اپنے کام پر جائیں۔‘ سلمان کو نایاب ہرن کے شکار کے معاملے میں جودھپور کی عدالت نے سزا دی تھی جسے ان کے وکلاء نے چیلنج کیا ہے۔ اس سلسلہ میں سلمان پچیس اگست سے جیل میں تھے اور اکتیس اگست کو عدالت نے انہیں ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا حکم دیا۔اب اس کیس کی اگلی سماعت چوبیس اکتوبر کو ہو گی۔
|