 | | | ہیری پوٹر کے غیرقانونی ترجمے کئی ممالک میں فروخت ہو رہے ہیں |
ہیری پوٹر کی آخری کتاب کا ترجمہ کر کے اسے انٹرنیٹ پر شائع کرنے والے ایک فرانسیسی لڑکے کے خلاف پولیس نے مقدمہ نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فرانس کی پولیس نے اس سولہ سالہ لڑکے کو گزشتہ ہفتے گرفتار کر لیا تھا۔ لیکن اس کے خلاف مقدمہ نہ چلانے کا فیصلہ ہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے راؤلنگ کی رضامندی کے بعد کیا گیا ہے۔ اس کتاب کے فرانسیسی ناشر ’گلیمارڈ‘ کی ایک ترجمان نے بتایا کہ ان کا مقصد اس لڑکے پر مقدمہ چلا کر معاوضہ حاصل کرنا کبھی نہیں تھا، بلکہ کوشش صرف یہ تھی کتاب کی مصنفہ کے حقوق محفوظ رہیں۔ ناشر کے مطابق اس کتاب کا فرانسیسی ترجمہ چھبیس اکتوبر کو ریلیز ہوگا۔ گرفتار ہونے والے فرانسیسی لڑکے نے پولیس کو بتایا کہ اس کا مقصد غیرقانونی ترجمہ کر کے پیسہ بنانا نہیں تھا۔ اکیس جولائی کو ہیری پوٹر کی ریلیز کے چند دن بعد ہی اس لڑکے نے ترجمہ انٹرنیٹ پر شائع کردیا تھا۔ کتابوں کے غیرقانونی نقل سے متعلق قانون کا نفاذ کرنے والے دستے کو ہیری پوٹر کے ترجمہ کا پتہ اس وقت چلا جب وہ اس طرح کے منظم گروپوں کی تفتیش کر رہا تھا۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ ہیری پوٹر کے تقریباً پیشہ ورانہ ترجمے پر حیران رہ گئے تھے۔ کتاب کے ناشر کا کہنا ہے کہ اس نے تفتیش کاروں کی مدد اس لیے کی تاکہ لوگوں کو یہ معلوم ہو کہ منصفین کے حقوق کو کتابوں کے نقل کرنے سے نقصان پہنچتا ہے۔ ہیری پوٹر کی ساتویں اور آخری کتاب کی اشاعت کے چوبیس گھنٹوں کے اندر گیارہ ملین کاپیاں پوری دنیا میں فروخت ہوئی تھیں اور بعض ممالک میں ان کے غیرقانونی ترجمے بھی بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں
|