| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
تیس ہزار روپے فی لفظ
ہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے راؤلنگ گزشتہ سال بارہ کروڑ پچاس لاکھ پاؤنڈ کی آمدنی حاصل کر کے تاریخ میں اب تک سب سے زائد آمدنی کا ریکارڈ قائم کرنے والی مصنف بن گئی ہیں۔ جے کے راؤلنگ اب ہیری پوٹر سلسلے کی چھٹی کتاب لکھ رہی ہیں اور ان کی گزشتہ سال کی آمدنی کو سامنے رکھ کر یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ انہیں ایک لفظ لکھنے کا معاوضہ تین سو اڑتیس پاؤنڈ یعنی تقریباً تیس ہزار روپے ملتا ہے۔ راؤلنگ سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی مصنفہ ہی نہیں ہیں بلکہ برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز میں شائع ہونے والی ان افراد کی فہرست میں جو گزشتہ سال برطانیہ سب سے زیادہ آمدنی رکھنے والے پانچ سو افراد میں شامل ہیں، وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔ اس مصنفہ کی گزشتہ سال دنیا بھر میں تیئس کروڑ کتابیں فروخت ہوئیں۔ یہ صورتِ حال صرف راؤلنگ ہی کی نہیں بلکہ ان کے ناولوں پر بننے والی فلم میں کام کرنے والا چودہ سالہ اداکار ڈینیئل ریڈ کلف اس فہرست میں سب سے زیادہ آمدنی رکھنے والا سب سے کم عمر ہے اور اس کی آمدنی گزشتہ سال دس لاکھ پچھتر ہزار پاؤنڈ رہی۔ راؤلنگ کا ایجنٹ بھی راؤلنگ کے باعث خوش قسمتی میں کسی سے پیچھے نہیں رہا۔ ایجنٹ کرسٹوفر لٹل کو گزشتہ سال ایک کروڑ ستاسی لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈ کی آمدنی حاصل ہوئی اور برطانیہ میں سب سے زیادہ آمدنی والوں وہ سینتیسویں نمبر پر ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||