BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 07 January, 2007, 07:28 GMT 12:28 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
کابل ایکسپریس پاکستان پرچڑھ گئی

’کابل ایکسپریس‘
’کابل ایکسپریس‘ ایک طالب کے افغانستان سے فرار کی کوشش کی کہانی ہے

افغانستان میں بھارتی فلم ’کابل ایکسپریس‘ پر سرکاری پابندی کے بعد خیال ہے کہ اس میں جس طرح پاکستانی فوج اور سیاستدانوں کی تصویر کشی کی گئی ہے وہ اسے یہاں بھی کم از کم سرکاری سطح پر ناپسندیدہ بنا دے گی۔

افغانستان میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد شوٹ کی جانے والی اس پہلی بھارتی فلم کی کہانی دو بھارتی صحافیوں، ان کے افغان ڈرائیور، ایک امریکی خاتون صحافی اور ایک ’پاکستانی طالبان‘ کے گرد گھومتی ہے۔

ہدایت کار کبیر خان کی اس تھرلر فلم میں ’چند ڈائیلاگ‘ افغان حکومت کے مطابق وہاں کی اقلیتی ہزارہ قوم کے لیے ناپسندیدہ ہیں۔ افغانستان میں ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد تقریباً دس فیصد ہے۔

تاہم اس فلم میں جس انداز سے پاکستانی فوج کا کردار دکھایا گیا ہے وہ اسے پاکستان کے سرکاری و فوجی حلقوں میں بھی ناپسندیدہ بنانے کے لیے کافی تصور کیا جا رہا ہے۔

اس فلم کی کہانی ایک ’پاکستانی طالبان‘ کی ہے جو اس سخت گیر اسلامی تحریک کی حکومت کے خاتمے کے بعد کابل سے واپس پاکستانی سرحد طورخم کی جانب بھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔

پاکستانی اداکار سلمان شاہد نے اس فرار ہونے کی کوشش کرنے والے طالب کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ دو بھارتی صحافیوں اور ان کے ڈرائیور کو یرغمال بنا کر ان کی گاڑی میں سرحد کی جانب سفر کرتا ہے۔

فلم میں اس طالب کو پاکستانی فوج کا سپاہی دکھایا گیا ہے جو اپنے اعلی افسروں کے حکم پر کابل بھیجا گیا تھا۔ تاہم سرحد پہنچنے پر پاکستانی فوجی ہی اسے گولیاں مار کر ہلاک کر دیتے ہیں۔

سلمان شاہد
طالب کا کردار پاکستانی اداکار سلمان شاہد نے کیا ہے
فلم میں بھارتی ٹی وی صحافیوں کا کردار ادا کرنے والے جان ابراہم (سہیل) اور ارشد وارثی (جے) کے افغان ڈرائیور فلم میں ایک مقام پر انہیں کہتے ہیں کہ ’اگر روڈ پر کوئی گاڑی دیکھتے ہیں تو امریکی اسے اڑا دیتے ہیں۔ اگر امریکی سے بچے تو ہزارہ سے نہیں بچے گا۔۔۔۔۔یہ علاقہ ہزارہ مجاہدین کا ہے۔ یہ افغانستان کا سب سے بڑا خطرناک قبیلہ ہے۔ لوٹنا ان کا پیشہ ہے۔‘

اس ایک مرتبہ کے اظہار نے اس فلم کو افغانستان میں پابندی کا شکار کر دیا لیکن پاکستان سے متعلق اس فلم میں کئی مقامات پر اس کے سیاستدانوں اور فوجیوں سے متعلق قابل اعتراض ڈائیلاگ سننے کو ملتے ہیں۔

ایک جگہ پر یہ افغان ڈرائیور پاکستانی سیاستدانوں پر طالبان سے متعلق پالیسی میں قلا بازی کھانے پر تنقید کرتے ہوئے ان کے لیے کافی سخت لفظ بھی استعمال کرتا ہے۔

نائب افغان صدر کریم خلیلی جیسے افراد نے اس فلم پر اعتراض کیا ہے اور اس کے بنانے والوں کے خلاف عدالتی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

پاکستان میں اگرچہ بھارتی فلمیں سینما گھروں میں نہیں دکھائی جاسکتیں لیکن یہ ہر شہر میں ویڈیوز اور ڈی وی ڈیز کی شکل میں باآسانی دستیاب ہیں۔ یہ فلم بھارت میں گزشتہ ماہ ریلیز ہوئی لیکن پشاور میں بھی اس کی سینما کاپی محض ساٹھ روپے میں دستیاب ہے۔

’کابل ایکسپریس‘ افغانستان میں پینتالیس روز میں سخت سیکیورٹی میں فلمائی گئی۔ بعض اوقات اداکاروں اور کیمرہ کریو سے زیادہ تعداد افغان پولیس کی ہوتی تھی۔

بظاہر یہ فلم زیادہ تر کابل اور طورخم کے درمیان شاہراہ پر ہی فلمائی گئی ہے لیکن معلوم نہیں اس میں ہزارہ قوم کا ذکر کرنا کیوں ضروری سمجھا گیا۔ ہزارہ قوم کی اکثریت کابل کے مغرب میں واقعے بامیان صوبے میں آباد ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی ہدایت کار کی افغان امور سے کم علمی اس کی وجہ ہو۔

اس فلم میں ہیرو جان ابراہم اور امریکی اداکارہ لنڈا ارسینیو کا کردار کافی کمزور محسوس ہوا۔ وہ محض بڑے اداکاروں کے نام کے لیے فلم میں ڈالے گئے محسوس ہوئے۔

اسی بارے میں
’کابل ایکسپریس‘ کینیڈا میں
02 September, 2006 | فن فنکار
افغان اور بالی وڈ کا اشتراک
26 September, 2006 | فن فنکار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد