افغان اور بالی وڈ کا اشتراک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی فلمی صنعت اور بالی وڈ کے اشتراک سے بننے والی فلموں کے بعد اب افغانستان اور بھارت کے اشتراک سے ’سپرنگ آف ہوپ‘ نامی ایک فلم بنائی گئی ہے ۔ حشمت اللہ خان کی اس فلم کی کہانی افغانستان کے موجودہ حالات میں جنم لینے والی ایک محبت کی کہانی ہے ۔ فلم کی ہیروئین کوئی افغانی نہیں بلکہ تاجکستان کے شہر دوشانبہ کی رہنے والی زرینہ ہیں۔ حشمت اللہ خان افغانی ہیں لیکن کافی عرصہ سے وہ ممبئی میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے بالی وڈ کی ’سچ ، پہنچے ہوئے لوگ ، بند دروازہ اور کشن اوتار‘ جیسی فلموں میں کام بھی کیا ہے۔ خان کا کہنا ہے کہ افغانستان خانہ جنگی سے دوچار ہے اور اب جبکہ طالبان کے قبضہ سے افغانستان آزاد ہو چکا ہے وہاں حالات بہتر ہیں۔ اس لیئے انہوں نے فلم بنانے کا فیصلہ کیاہے۔
خان کہتے ہیں کہ ایک عرصہ سے وہاں فلمیں بننا بند ہو چکی تھیں اس لیئے نئی نسل کی کوئی ہیروئین یا نیا چہرہ انہیں نہیں ملا اسی وجہ سے انہوں نے دوشانبہ سے زرینہ کا انتخاب کیا۔ خان افغانستان کے حالات کو فلم کے ذریعہ دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے فلم بنائی ہے۔ خان کا دعوی ہے کہ یہ فلم دو کروڑ روپے کی لاگت سے بنی ہے کیونکہ انہوں نے فلم میں بالی وڈ کی مدد لی ہے۔ اس فلم کے سنیماٹو گرافر ایس پپو ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ساؤنڈ کے لیئے سنجے کورین اور آئی ایم کنو کی خدمات حاصل کی ہیں۔ یہ فلم فارسی اور پشتو زبان میں ہو گی لیکن اسی کے ساتھ انگریزی میں اس کا ترجمہ سکرین پر نظر آئے گا۔ خان کو توقع ہے کہ ان کی یہ فلم اچھا بزنس کرے گی لیکن اس کی نمائش سے قبل وہ اسے چند فلم فیسٹیول میں بھیجیں گے کیونکہ ان کے مطابق افغانستان اور اس کے حالات پر دنیا بھر کی نظریں ہیں۔ ہیروئین زرینہ فلمساز اور ہیرو حشمت اللہ خان اور فلم کے یونٹ نے ممبئی میں واقع اسلامک ری پبلک آف افغانستان کے قونصل جنرل گل حسین احمدی سے ملاقات کی اور اپنی فلم کی تشہیر کے لیئے اسی جگہ کو مناسب سمجھا۔
افغانستان میں طالبان کے قبضہ کے بعد سے اب تک صرف دو فلمیں ہی بنی ہیں ایک فلم رویا سادات کی ’ تھری دوٹس‘ اور دوسری صدیق برمک کی فلم ’اسامہ‘ تھی۔ بالی وڈ نے بھی افغانستان اور اس کے حالات پر فلمیں بنائی ہیں۔ اب کبیر خان کی ہدایت میں فلم ’ کابل ایکسپریس‘ بن کر تیار ہے۔ اس فلم میں جان ابراہام اور ارشد وارثی ہیں جو صحافی بنے ہیں۔ زرینہ ممبئی آ کر بہت خوش تھیں۔ انہیں بالی وڈ کی فلمیں بہت پسند ہیں اور اس کے علاوہ ان کے من پسند ہیرو شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن ہیں اور انہیں بطور ہیروئین مادھوری ڈکشت اچھی لگتی ہیں۔ زرینہ بالی وڈ میں کام کرنے کی خواہشمند ہیں لیکن اس شرط پر کہ فلم میں وہ مکمل لباس میں ہوں گی اور کوئی رقص نہیں کریں گی۔ فلم ممبئی کے تھیئٹرز میں دسمبر کے مہینے میں نمائش کے لیئے پیش ہو گی۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||