BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 20 February, 2006, 14:24 GMT 19:24 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دنیا کا پہلا ’سوپ اوپرا‘ ڈرامہ

تائیوان
تائیوان کے مشہور سوپ سٹار جوڈی انسانتوس اور پیولو پاسکل
21 فروری 1947 کو یعنی آج سے پورے 59 برس پہلے ٹیلی وژن کا پہلا ’سوپ اوپرا‘ منظرِ عام پر آیا، نام تھا:
A woman to remember

اس سے پہلےسن 30 کے عشرے میں امریکی ریڈیو سٹیشنوں سے سلسلہ وار ڈرامے شروع ہو چکے تھے جنھیں دِن کے وقت گھریلو خواتین سنتی تھیں چنانچہ اشتہاری وقفوں میں زیادہ تر صابن کی تشہیر کی جاتی تھی۔

مزے کی بات یہ ہے کہ جب ٹیلی وژن پر روزانہ قِسط والے اِن ڈرامائی سلسلوں کا آغاز ہوا تو اولّین ڈرامہ جس موضوع پر تحریر کیا گیا وہ بذاتِ خود ’ریڈیو سوپ‘ ہی تھا یعنی ڈرامے کی کہانی ایک ایسی عورت کے گرد گھومتی تھی جو ریڈیو کی صدا کار ہے اور ایک مشہور ریڈیو سوپ میں کام کر رہی ہے۔ اسی سوپ میں کام کرنے والا ایک اور کردار اسکی جان کا دشمن بنا ہوا ہے۔ وہ ریڈیو ڈرامے کی ریہرسلوں میں اسے پریشان کرتا ہے، ڈرامہ نشر ہونے کے دوران بھی اسے ستاتا ہے اور ریڈیو سے باہر کی زندگی میں بھی ہاتھ دھو کے اُس کے پیچھے پڑا رہتا ہے۔

آخر ریڈیو سٹیشن میں کام کرنے والے ایک اور کردار کو خاتون سے ہمدردی پیدا ہو جاتی ہے جو آہستہ آہستہ محبت میں بدل جاتی ہے۔

ٹیلی وژن کا یہ اوّلین سوپ صرف ڈھائی سال تک چلا لیکن اس میں کام کرنے والے فنکاروں کو اتنی شہرت ملی کہ بعد میں اُن کے ڈرامے سال ہا سال چلتے رہے۔

جنوبی ہند کےمقبولِ عام سوپ ستارے چیتن اور دیپا
جنوبی ہند کےمقبولِ عام سوپ ستارے چیتن اور دیپا

1956 میں شروع ہونے والا امریکی سوپ:
As the World Turns

آج تک چل رہا ہے اور خاصا مقبول ہے۔
اسی طرح جنوری 1973 میں شروع ہونے والا ’آل مائی چلڈرن‘ بھی آج تک پورے زور شور سے جاری ہے۔

روزانہ چلنے والے دو اور سوپ ڈرامے بھی یہاں قابلِ ذکر ہیں کیونکہ انھیں چلتے ہوئے چالیس برس سے زیادہ ہوگئے ہیں لیکن اُن کی مقبولیت میں کوئی فرق نہیں آیا اور یہ ڈرامے ہیں:
Days of our lives
اور
General Hospital

برطانیہ میں آئی ۔ ٹی ۔ وی نے 9 دسمبر 1960 کو اپنے سلسلہ وار کھیل ’کارونیشن سٹریٹ‘ کا آغاز کیا تھا اور آج چھیالیس برس بعد بھی یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

امریکہ اور برطانیہ کے علاوہ آسٹریلیا کے ٹیلی وژن نے بھی سوپ اوپراز یعنی صابن ڈراموں کو خوب مقبولیت بخشی ہے اور دو آسٹریلوی سلسلے
Neighbours
اور
Home and Away

تقریباً ساری دُنیا میں دکھائے جا چُکے ہیں۔

مغربی ملکوں کے بعد مشرق میں بھی صابن ڈراموں کا چلن ہو گیا ہے اور آج کل جاپان، چین، تھائی لینڈ، روس اور مشرقِ وسطیٰ میں روزانہ چلنے والے کئی کھیل کسی نشے کی طرح ناظرین سے چمٹ چکے ہیں۔ عربی زبان میں سب سے زیادہ سوپ مصر میں تیار ہوتے ہیں اور ساری عرب دنیا میں دکھائے جاتے ہیں۔
جنوبی ایشیا میں ٹی وی دیر سے پہنچا لیکن 1964 میں لاہور کا تجرباتی ٹی وی سٹیشن قائم ہونے کے کچھ ہی عرصہ بعد سلیم چشتی کا لکھا ہوا ایک سلسلے وار ڈرامہ پی۔ ٹی۔ وی سے نشر ہونے لگا۔

پاکستان ٹیلی وژن: پرانے ڈراموں کے مقبول فنکار روحی بانو اور مسعود اختر
پاکستان ٹیلی وژن: پرانے ڈراموں کے مقبول فنکار روحی بانو اور مسعود اختر

1965 کی پاک بھارت جھڑپوں میں پاکستانی ٹیلی وژن نے پروپیگینڈا کے محاذ پر جو کامیابیاں حاصل کیں اُن کے باعث ٹی وی کی مقبولیت میں فوری طور پر اضافہ ہو گیا، اور سلسلہ وار کھیل کی مانگ بھی بڑھنے لگی۔

اس موقعے پر ریڈیو پاکستان میں بطور سٹاف آرٹسٹ کام کرنے والے اشفاق احمد خم ٹھونک کر میدان میں آئے اور انھوں نے ٹاہلی تھلّے اور اُچّے برج لاہور دے جیسے سلسلے تحریر کئے جن میں اُردو پنجابی کے ملے جلے کردار تھے۔

لاہور میں منو بھائی، انور سجاد، بانو قدسیہ، امجد اسلام امجد اور بعد میں اصغر ندیم سیّد نے اس کام کو آگے بڑھایا جبکہ کراچی میں حسینہ معین، فاطمہ ثریا بجیا اور حمید کاشمیری اس طرح کے کھیل لکھتے رہے۔

سلسلے وار ڈرامے کی مقبولیت کے باوجود ہمارے یہاں روزانہ قسطوں والا صابن ڈرامہ عرصہ دراز تک رواج نہ پا سکا، البتہ بھارت میں ساس بہو کی گھریلو کہانیوں پر مبنی سلسلے جو شروع میں محض ہفتہ وار تھے بعد میں مسلسل چار دِن تک دکھائے جانے لگے۔

روزانہ سوپ کا تصوّر ہمارے لئے آج بھی کسی حد تک نیا ہے لیکن ٹی۔ وی چینلز کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اُن کا باہمی مقابلہ اب اس موڑ پر آن پہنچا ہے جہاں زیادہ اشتہار حاصل کرنے کے لئے ہر چینل زیادہ سے زیادہ قسطوں والے ڈراموں کی تلاش میں ہے۔

اسی بارے میں
۔۔۔مگر حکومت نہیں مانتی
05 October, 2005 | فن فنکار
جب پہلی بامقصد فلم بنی
30 September, 2005 | فن فنکار
منٹو: مزید خراجِ عقیدت
14 September, 2005 | فن فنکار
واٹر کلر کی طرف واپسی
06 September, 2005 | فن فنکار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد