ہینکس کے آٹوگراف پر حراست | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالی وڈ کی فلم ’دی دا وِنچی کوڈ‘ کی فلمسازی کے دوران ہالی وڈ کے مشہور اداکار ٹام ہینکس سے ملنے کی کوششں پر ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس پر امن و امان خراب کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ’دی دا وِنچی کوڈ‘ کی فلمسازی مڈلوتھین کے ایک قدیم رومن کیتھولک گرجے میں کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اُنتالیس سالہ شخص کو اداکار ٹام ہینکس سے آٹوگراف لینے کی کوشش کے بعد پولیس اہلکاروں نے پکڑ لیا۔ ’دی دا وِنچی کوڈ‘ میں مرکزی کردار ہالی وڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس ادا کر رہے ہیں۔ کلیسائے روم کو چونکا دینے والی مصنف ڈین براؤن کی کتاب ’دی دا وِنچی کوڈ‘ پر مبنی فلم کی نمائش اگلے برس کسی وقت متوقع ہے۔ پندرھویں صدی کا یہ گرجا اس کتاب کے سنسنی خیز انکشافات کے بعد سیاحت کا مرکز بن چکا ہے۔ کتاب ’دی دا وِنچی کوڈ‘ کے مطابق یہ گرجا ہولی گریل کے راز کی حفاظت کے لیے بنایا گیا تھا۔ کتاب کی انتہائی مقبولیت کے بعد اب ان مقامات پر ایسے لوگوں کی آمدو رفت بڑھ گئی ہے جو یہاں کی ہر چیز کو اس ناول کی روشنی میں دیکھتے ہیں۔ گرجے کو فلم ’دی دا وِنچی کوڈ‘ کی فلمسازی کی وجہ سے عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ ویٹیکن اس ناول سے خوش نہیں۔ پھر بھی ڈین براؤن کی کتاب کی انتہائی مقبولیت کا انداذہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کے دنیا بھر میں اب تک اس کتاب کی سترہ ملین کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ یاد رہے کہ فلم کے پروڈیوسروں کو ویسٹ منسٹر ایبے میں فلمبندی کی اجازت نہ ملنے کے بعد لنکن گرجا گھر کے ڈین پادری ایلک نائٹ نے لنکن کلیسا میں فلمبندی کی اجازت دی تھی۔ فلم کےپروڈیوسروں نے گرجے کو ایک لاکھ پاؤنڈ عطیہ بھی دیا تھا۔ ویسٹ منسٹر ایبے میں فلمبندی کی اجازت اس لیے نہیں دی گئی تھی کیونکہ ناول میں کہا گیا ہے کہ اس گرجا گھر سے حضرت عیسٰی کی زندگی کا راز وابستہ ہے۔ ذرائع کے مطابق فلمسازوں نے فلمبندی کی اجازت کے لیےمڈلوتھین کے اس قدیم رومن کیتھولک گرجے کے ٹرسٹیوں کو ایک لاکھ ڈالر دیے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||