 |  مائیکل جیکسن جنسی زیادتی کے الزامات کی تردید کرتے ہیں |
اپنے بچوں کو مائیکل جیکسن کے ساتھ بستر پر سونے کی اجازت دینے والی دو ماؤں نے کیلیفورنیا کی ایک عدالت میں ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ امریکی پاپ سٹار سے بڑا پیار اور ان کی عزت کرتی ہیں۔ جوئے رابسن اور میری بارنز نے، جن کے بچوں نے جمعرات کو اپنے بیانات قلمبند کروائے تھے، ان الزامات کی تردید کی ہے کہ ان کے بچوں کے ساتھ مائیکل جیکسن نے زیادتی کی۔ مائیکل جیکسن کے وکلاء یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مائیکل جیکسن کے خلاف بچوں کے ساتھ زیادتی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ امریکی گلوکار بھی ان پر لگائے 10 الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان پر الزامات میں ایک تیرہ سالہ بچے کے ساتھ زیادتی، اسے الکوہل دینے کی کوشش کرنا، اور اس کے خاندان کو یرغمال بنائے رکھنا شامل ہیں۔
 |  جیکسن کے ساتھ سوئے تھے لیکن۔۔۔ |
مائیکل کے وکیلوں نے جمعرات کو دو آسٹریلوی نوجوانوں بائیس سالہ ویڈ رابسن اور تئیس سالہ بریت بارنز کو گواہوں کے طور پر پیش کیا تھا۔ دونوں ہی نے یہ تسلیم کیا کہ جب وہ چھوٹے بچے تھے تو انہوں نے کئی مرتبہ مائیکل جیکسن کے بستر پر رات بسر کی لیکن دونوں نے ہی استغاثہ کے ان الزامات کو مسترد کیا کہ جیکسن نے کبھی ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔سانتا ماریا سے بی بی سی کی نامہ نگار ڈینیالہ رالف کا کہنا ہے کہ دونوں گواہوں کی ماؤوں کو بلا کر وکلاء صفائی یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مائیکل جیکسن کا غیر معمولی طرز زندگی اور اس کی چھوٹے بچوں کے ساتھ دوستی کوئی غلط مقاصد کے لیے نہیں تھی۔ |