| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
دلیر مہندی: ضمانت پر رہا ئی
بھارت کی ریاست پنجاب میں ایک عدالت نے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ گلوکار دلیر مہندی کو نو دن کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ نو روز قبل انہوں نے رضاکارانہ طور پر خود کو عدالت میں پیش کیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے ان کا پہلے چار دن کا ریمانڈ لیا اور بعد میں ریمانڈ بڑھوا لیا۔ دلیر مہندی اور ان کے چند ساتھیوں پر یہ الزام ہے کہ وہ یورپ اور امریکہ لے جانے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے لاکھوں روپے وصول کرتے تھے۔ دلیر مہندی کے سگے بھائی شمسیر مہندی پہلے ہی پٹیالہ کی ریاست میں قید ہیں اور ان کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ درج ہے جس میں دلیر مہندی کو بھی ملوث کیا گیا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ تا حال دلیر مہندی کے خلاف ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جو قابلِ دست اندازی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیش ابھی جاری ہے اور اب دلیر پر باقاعدہ فردِ جرم اس وقت عائد کی جائے گی جب تفتیش مکمل ہو جائے گی۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے دلیر کے دفتر سی ایسی فائلیں برآمد کی ہیں جن کے بارے میں دلیر مہندی کو حراست میں لینا ضروری ہے۔ تاہم بعد میں پولیس کے سربراہ نے کہا کہ دلیر رضاکارانہ طور پر عدالت کے سامنے پیش ضرور ہوئے تھے لیکن وہ پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ دلیر مہندی مسلح پولیس کی تحویل میں واپس دہلی میں اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||