| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
دلیر: پٹیالہ سے بھی ضمانت مسترد
پٹیالہ کی ایک عدالت نے پنجابی گلوکار دلیر مہندی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ بھارتی پولیس پہلے ہی گلوکار دلیر مہندی کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے جو سنیچر کو اپنے ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد سے مفرور ہیں۔ دلیر مہندی نے ضمانت کی ایک نئی عرضداشت دائر کی جسے سوموار کے روز ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا تھا۔ دلیر پر لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کے بہانے رقومات اینٹھنے کا الزام ہے۔ دلیر نے اپنے بیرون ملک دوروں پر لوگوں کو ساتھ لے جانے کے بہانے ان سے پیسے وصول کرنے کے الزام سے انکار کیا ہے۔ پولیس نے دلیر مہندی کی تلاش میں سوموار کے روز چندی گڑھ میں کئی گھروں پر چھاپے مارے۔ دلیر مہندی کے خلاف پولیس تفتیش اس وقت شروع ہوئی جب ایک شہری نے دلیر مہندی پر الزام لگایا کہ انہوں نے ان سے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ کے دیکر لاکھوں روپے وصول کئے۔ اس کیس کی خبر اخبارات میں چھپنے کے بعد کئی اور افراد اسی طرح کے الزامات کے ساتھ سامنے آئے۔ گزشتہ ماہ کے اوائل میں دلیر مہندی، ان کی بیوی اور بڑے بھائی پر چار دیگر افراد پپر لوگوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||