| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
دلیر مہندی گرفتار
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں پولیس نے مشہور پنجابی پاپ سنگر دلیر مہندی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے سپیشل سیل کے ایک سینیئر اہلکار اشوک چاند نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اس معاملے میں قانونی مدد حاصل کر رہے ہیں۔ خیال ہے کہ ان کو سنیچر کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل دلیر مہندی کے وکیل نے جمعہ کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ دلیر مہندی آٹھ جنوری کو اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کر دیں گے۔ عدالت نے شمالی ریاست پنجاب کی پولیس کو کہا کہ وہ سپردگی کے بعد عدالت میں پیش ہونے تک دلیر مہندی کی حفاظت کرے۔ مہندی نے عدالت میں قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دی تھی۔ تاہم عدالت نے اسے رد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے وہ اپنے آپ کو عدالت میں پیش کریں اس کے بعد ضمانت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ دلیر مہندی پر الزام ہے کہ انہوں نے لوگوں سے یہ کہہ کر لاکھوں روپے ہتھیائے ہیں کہ وہ انہیں مغربی ممالک میں لے جائیں گے۔ دلیر مہندی اس سے انکار کرتے ہیں۔ اس سے قبل دلیر مہندی عدالت سے درخواست کر چکے ہیں کہ ان کے خلاف الزامات کی تحقیق سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) کرے۔ عدالت نے ان کی یہ درخواست بھی رد کر دی تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||