’عامر کو استاد، آپ کو ماہر نفسیات درکار‘

انڈیا کے وزیر دفاع نے بغیر نام لیے اداکار عامر خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنانڈیا کے وزیر دفاع نے بغیر نام لیے اداکار عامر خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا

انڈیا میں اپنے متنازع بیانات کے لیے معروف بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے بظاہر عامر خان کے متعلق بیان پر وزیر دفاع منوہر پاریکر کا دفاع کیا ہے۔

ایک ٹویٹ میں سوامی نے کہا کہ ’عامر کے متعلق پاریکر کے بیان پر اتنا شور شرابہ کیوں ہے؟ اگر عامر اس بات سے نابلد ہیں کہ جنم بھومی (وطن) سے محبت غیر مشروط ہوتی ہے، تو انھیں ایک استاد کی ضرورت ہے۔‘

دراصل وزیر دفاع منوہر پاریکر نے گذشتہ دنوں عامر خان کے نام کا ذکر کیے بغیر کہا تھا کہ ملک کے خلاف بولنے والے کسی بھی شخص کو سبق سکھانا چاہیے۔

گذشتہ سال نومبر میں عامر خان نے انڈیا عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے پیش نظر اپنے ’عدم تحفظ کے احساس‘ کی بات کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ انڈیا میں اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔

اب سبرامنیم سوامی نے منوہر پاریکر کا دفاع کرتے ہوئے عامر خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انشو موہن کا ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہtwitter

،تصویر کا کیپشنانشو موہن کا ٹویٹ

ان کے اس ٹویٹ پر ملے جلے رد عمل سامنے آئے ہیں۔ بعض سوامی کے ُسر میں ُسر ملا رہے ہیں، تو بہت سے لوگ ان کے مخالف ہیں اور بعض کا کہنا ہے کہ سوامی نفرت پھیلا رہے ہیں۔

سبيہ ساچي داس نے ٹوئٹر ہینڈل Sabya1024@ سے لکھا ہے: ’بہت صحیح کہا آپ نے ڈاکٹر سوامی، اظہار رائے کی آزادی کے زیادہ استعمال پر حکومت کو روک لگانی چاہیے۔‘

عامر خان نے تو کوئی جواب نہیں دیا لیکن بڑی تعداد میں لوگ ان کی حمایت میں نظر آئے

،تصویر کا ذریعہafp pti

،تصویر کا کیپشنعامر خان نے تو کوئی جواب نہیں دیا لیکن بڑی تعداد میں لوگ ان کی حمایت میں نظر آئے

اس کے جواب میں سوامی نے لکھا: ’ملک کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے آئین کے تحت ملنے والے تمام بنیادی حقوق پر بھی معقول پابندی لگائی جا سکتی ہے۔‘

لیکن انشو موہن نے ٹوئٹر ہینڈلmohananshu@ سے لکھا: ’عامر خان آپ سے زیادہ اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں۔ آپ تو امریکہ چلے گئے تھے۔ عامر لوگوں کو سماجی مسائل کے بارے میں بتاتے ہیں۔ آپ کی طرح نہیں جو صرف نفرت سکھاتے ہیں۔‘

انوبھاب داس siputri66@ نے لکھا: ’ہر کوئی اپنی وطن سے محبت کرتا ہے۔ یہ ہماری سرشت میں ہیں۔ وہ تو بس معاشرے کو آئینہ دکھا رہے تھے۔‘

رویندر بھٹناگر نے ٹوئٹر ہینڈلCHITRANSHBANDHU سے لکھا: ’جناب، ملک کے وزیر دفاع سے یہ توقع ہے کہ وہ چینی دراندازی اور پاکستان پر بولیں گے! عامر خان کے لیے تو گلی کے رضاکار (آر ایس ایس) ہی کافی ہیں۔‘

اس ٹویٹ کو بار بار ری ٹویٹ کیا گيا اور اس کا جواب دیا گيا

،تصویر کا ذریعہtwitter

،تصویر کا کیپشناس ٹویٹ کو بار بار ری ٹویٹ کیا گيا اور اس کا جواب دیا گيا

ترون کرشن krishnatarun03@ لکھتے ہیں: ’سبرامنیم سوامی، لگتا ہے آپ کانگریس کے ایجنٹ ہیں جو بی جے پی کا نقصان کرنے کے لیے وہاں بھیجے گئے ہیں۔‘

Gangwal123@ نے لکھا: ’سبرامنیم سوامی۔ عامر خان کو اتنی اہمیت دینے کی ضرورت نہیں. بھارت کی ایک بڑی آبادی نے پہلے ہی فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ دنگل نہیں دیکھیں گے۔‘

رماناتھ کرشنن نے ٹوئٹر ہینڈل krishnan201617@ سے لکھا: ’بیرونی طاقتوں سے ملک کی حفاظت کرنے کے بجائے، وہ اپنے ہی شہریوں کو ڈرا رہے ہیں۔‘

روندر بھٹناگر کا ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہtwitter

،تصویر کا کیپشنروندر بھٹناگر کا ٹویٹ

گورو مشرا نے ٹوئٹر ہینڈلgaurav_k_mishra@ سے لکھا: ’وزیر دفاع کو عہدے کے وقار پتہ نہیں تو استعفیٰ دے کر سڑک پر غنڈہ گردی کریں۔‘

sabkaguru1947@ نے لکھا: سوامی جی، عامر کو ٹیچر کی اور آپ کو ماہر نفسیات کی ضرورت ہے۔‘