’سلمان نے جو کہا وہ افسوسناک اور غیر حساس تھا‘

ایک جگہ عامر نے سلمان اور شاہ رخ خان کو خود سے بہتر قرار دیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنایک جگہ عامر نے سلمان اور شاہ رخ خان کو خود سے بہتر قرار دیا

انڈین اداکار اور فلمساز عامر خان نے اداکار سلمان خان کی جانب سے شوٹنگ کی مشکلات کو ریپ سے تشبیہ دینے کے بیان کو افسوسناک اور غیر حساس قرار دیا ہے۔

انھوں نے یہ بات پیر کو ممبئی میں اپنی آنے والی فلم ’دنگل‘ کے پوسٹر کی ریلیز کے موقع پر کہی۔

ان سے جب سلمان خان کے شوٹنگ کی مشکلات کا ریپ سے موازنہ کرنے والے بیان کے بارے میں سوال کیا گيا تو انھوں نے سلمان کے بیان کو غیر حساس قرار دیا۔

انھوں نے کہا: ’میرے خیال سے سلمان نے جو کہا وہ افسوسناک اور غیر حساس تھا۔‘

اس سے قبل جب اداکار شاہ رخ خان سے اس بارے میں سوال کیا گیا تھا تو انھوں نے یہ کہہ کر دامن بچا لیا تھا کہ ’میں نے خود ہی ماضی میں کئی غیر مناسب بیان دیے ہیں اس لیے میں اس پر کچھ کہنے کا اہل نہیں ہوں۔‘

عامر کا خیال ہے کہ سلمان اور شاہ رخ ان سے بڑے سٹار ہیں
،تصویر کا کیپشنعامر کا خیال ہے کہ سلمان اور شاہ رخ ان سے بڑے سٹار ہیں

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق عامر خان نے یہ بھی کہا کہ سلمان اور شاہ رخ خان ان سے بڑے فلمی ستارے ہیں۔

انھوں نے کہا: مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سلمان جب کسی کمرے میں داخل ہوتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ کوئی سٹار داخل ہو رہا ہے اور جب میں داخل ہوتا ہوں تو لگتا ہے کہ جیسے کوئي ویٹر داخل ہو رہا ہے۔ معاف کیجیے گا مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیے۔ ویٹرز عظیم ہوتے ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں اس طرح داخل ہوتا ہوں جیسے عام سا آدمی خاموشی سے داخل ہوا۔

’اور جب سلمان اور شاہ رخ داخل ہوتے ہیں تو لگتا ہے کوئی سٹار داخل ہوا۔ مجھ میں وہ صفت نہیں ہے۔ وہ مجھ سے بڑے سٹار ہیں۔‘

’دنگل‘ کے پوسٹر میں عامر خان خاصے موٹے نظر آ رہے ہیں۔ اس بارے میں انھوں نے کہا: ’وزن بڑھانا بہت آسان ہے۔ مجھے چھ آٹھ ماہ جم کر کھانے کی چھوٹ ملی تھی اور میں نے اس کا مکمل لطف لیا۔ میں نے کبھی اتنا آزاد محسوس نہیں کیا تھا۔‘

فلم دنگل میں عامر خان نے موٹے کردار کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے

،تصویر کا ذریعہAAMIR

،تصویر کا کیپشنفلم دنگل میں عامر خان نے موٹے کردار کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے

عامر نے کہا: ’میں نے اس فلم کے لیے موٹاپے والے کردار کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے اور اب اسی فلم کے کچھ حصے کے لیے مجھے وزن کم کر کے شوٹنگ کرنی ہے۔‘

وزن کم کرنے کے بارے میں عامر نے اپنے مخصوص انداز میں کہا: ’جب وزن کم کرنے کا وقت آیا تو میرا بینڈ بج گیا۔‘

جب عامر خان سے اتر پردیش کے دادری کے واقعے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انھوں نے صحافیوں اور میڈیا کو ملک کی مثبت خبریں زیادہ دکھانے کی صلاح دے ڈالی۔

خیال رہے کہ دادری میں ایک مسلمان کو گائے کے گوشت کے الزام میں ہندوؤں نے ہلاک کر دیا تھا۔

انھوں نے کہا: ’میرا یہ خیال ہے کہ ہمارے سامنے بہت سارے مسائل ہیں لیکن بدقسمتی سے انسانی فطرت منفی چیزوں کی جانب زیادہ مائل نظر آتی ہے۔

دنگل کا پوسٹر جس میں عامر خان کئی بچیوں کے باپ ہیں

،تصویر کا ذریعہAamir Khan

،تصویر کا کیپشندنگل کا پوسٹر جس میں عامر خان کئی بچیوں کے باپ ہیں

’جو اچھا کام کرتے ہیں ان کی خبر نہیں دی جاتی۔ عام طور پر منفی خبریں زیادہ بکتی ہیں لیکن اگر ہم دیکھیں تو ملک میں زمینی سطح پر بہت سارے لوگ بہت محنت کر رہے ہیں۔‘

عامر نے کہا: ’ان کی بھی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ ملک کو وہ بھی دکھائے جانے کی ضرورت ہے۔ جب پریشان کرنے والی چیزیں نظر آتی ہیں تو لوگ پریشان ہوتے ہیں۔ اس لیے میں صحافیوں سے گزارش کروں گا کہ آپ مثبت چیزوں پر بھی توجہ دیجیے۔‘

’دنگل‘ کا جو پوسٹر عامر خان نے جاری کیا ہے اس میں نظر آنے والی لڑکیوں کے بال بہت چھوٹے ہیں۔

اس بارے میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’جب آپ فلم دیکھیں گے تو سمجھ جائيں گے۔‘

عامر خان نے کہا کہ ان کے بال چھوٹے ہونے کے عملی وجوہات ہیں۔ جب فلم میں گیت نہ ہونے پر سوال کیا گیا تو عامر نے بتایا کہ فلم میں چھ گانے ہوں گے۔

اسی فلم کے لیے عامر اب کم وزن والے کردار کی شوٹنگ کی تیاری میں ہیں
،تصویر کا کیپشناسی فلم کے لیے عامر اب کم وزن والے کردار کی شوٹنگ کی تیاری میں ہیں