شوٹنگ کے دوران لنگوٹ پہننا بڑا مشکل تھا: سلمان خان

،تصویر کا ذریعہali abbas zafar
ادا کار سلمان خان نے اپنی فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلم کی عکس بندی کے دوران سب سے زیادہ مشکل لنگوٹ پہننے میں ہوئی۔
یش راج بینر کی فلم ’سلطان‘ کا ٹریلر لانچ کر دیا گیا ہے۔
اس موقعے پر فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر اور فلم کے اہم آرٹسٹ اداکار سلمان خان کے ساتھ انوشکا شرما بھی موجود تھیں۔
سلمان نے کہا: ’یہ بائيوپك نہیں بلکہ پوری طرح سے ایک غیر حقیقی کہانی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہsalman khan twitter page
فلم میں پہلوان کا کردار کرنے والے سلمان خان نے بتایا: ’مجھ سے کہا گیا کہ میں جانگیہ پہن کر شوٹنگ کر سکتا ہوں۔ تب میں نے کہا کہ اصلی پہلوان تو لنگوٹ پہنتے ہیں، تو میں بھی لنگوٹ ہی پہنوں گا۔‘
سلمان نے مزید کہا: ’میں لنگوٹ پہن کر سیٹ پر گیا تو دیکھا پانچ ہزار لوگ کھڑے تھے اور مجھے دیکھتے ہی ’بھائی بھائی‘ چلانے لگے۔ تب جاکر مجھے لگا ارے یہ تو گڑ بڑ ہو گئی۔‘
سلمان نے بتایا کہ پھر انہوں نے لنگی پہنی اور لوگوں کے قریب جاکر انھیں چلانے سے منع کیا۔
سلمان نے اپنی بات پوری کرتے ہوئے کہا: ’لنگوٹ کے اس تجربے کے بعد مجھے سمجھ میں آیا کہ جب ہیروئن سوئمنگ سوٹ پہن کر شوٹنگ کرتی ہیں تو انہیں کیسا محسوس ہوتا ہوگا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہyashraj films
فلم میں سلمان اور انوشکا شرما دونوں ہی پہلوان کے کردار میں ہیں۔ تو کیا شوٹنگ کے دوران انہیں کسی طرح کی چوٹ لگی۔
اس سوال پر انوشکا نے کہا: ’خدا کے فضل سے مجھے کسی بھی قسم کی انجري نہیں ہوئی۔‘
لیکن انوشکا کی اس بات کے بر عکس سلمان نے کہا: ’اس فلم نے تو میری ’واٹ‘ ہی لگا دی۔ فلم میں ڈائریکٹر صاحب نے مجھے حقیقی پہلوانوں کے ساتھ لڑایا ہے۔‘
فلم میں دکھائے گئے کشتی کے مناظر کو سلمان حقیقی بتاتے ہوئے کہتے ہیں: ’ہم نے حقیقی پہلوانوں کے ساتھ کشتی کی ہے اور وہ بھی بغیر كیبل اور ہم شکل اداکار کے۔‘
کشتی سے متعلق اپنے تجربے کے بارے میں سلمان نے کہا کہ بچپن میں جب وہ اندور میں رہا کرتے تھے تب ان کے چچا انھیں اکھاڑے میں لے جاتے تھے اور کشتی سکھایا کرتے تھے۔

فلم ’سلطان‘ کے تقریبا تین منٹ کے ٹریلر میں سلمان اور انوشکا ہریانوی زبان بولتے نظر آ رہے ہیں۔
سلمان سے پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے اس کے لیے ہریانوی زبان سیکھی؟
اس پر سلمان نے کہا: ’میں نے صرف ڈائیلاگ کو یاد کیا اور کیمرے کے سامنے بول دیا ہے۔‘
وہیں انوشکا پر چٹکی لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’انھوں نے ضرور ہریانوی سیکھی ہے۔‘







