لوگ فلم نہیں سلمان کو دیکھنے آتے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
سلمان نے اپنی فلم ’سلطان‘ کے ساتھ ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ چاہے وہ ’دبنگ‘ بن کر آئیں یا ’ٹائیگر‘ یا پھر ’سلطان‘ باکس آفس پر انھی کی حکمرانی رہے گی۔
صرف دو دنوں میں 75 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرنے کے بعد سلطان نے پچھلے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
سلمان کی فلموں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ فلم چاہے جیسی ہو لوگ صرف سلمان کو دیکھنے آتے ہیں۔
سکرین پر سلمان کے آتے ہی سنیما ہال تالیوں اور سیٹیوں سے گونجنے لگتا ہے یعنی کامیابی کی گارنٹی۔
اس سے پہلے ان کی فلم پریم رتن دھن پایو کئی خامیوں کے باوجود بھی 200 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرگئی تھی۔
اس وقت بالی ووڈ کا ایک ہی اصول ہے جو چلتا ہے وہی بکتا ہے اور فی الحال سلمان خان ہی چلتے بھی ہیں اور بکتے بھی سب سے زیادہ وہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
عامر کو رونا کیوں آتا ہے؟
آج کل ایک سوال پھر سے سب کی زبان پر ہے کہ بھئی عامر خان کو اتنا رونا کیوں آتا ہے؟
پہلے تو وہ اپنے ٹی وی پروگرام ’ستیہ مے و جئے تے‘ کے ہر قسط میں جم کر روتے دکھائی دیتے تھے پھر اکثر فلموں کی سکریننگ کے دوران وہ اپنے تولیے کے ساتھ نظر آنے لگے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مثال کے طور پر ’بجرنگی بھائی جان‘ دیکھ کر بھی عامر خوب روئے تھے۔ اب فلم ’سلطان‘ نے بھی انھیں رلا دیا۔
جمعرات کو ممبئی میں فلم سلطان دیکھنے کے بعد عید کے موقعے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’سلطان‘ ایک غیر معمولی فلم ہے اور اس فلم نے بھی ان کو رلا دیا۔
ویسے عامر کو چاہیے کہ فلم ’دنگل‘کی ریلیز سے پہلے اس طرح کی باتیں نہ کریں ورنہ روتے پہلوان کو دیکھنا لوگوں کے لیے بہت عجیب و غریب تجربہ ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
سیف اور کرینہ کے یہاں ننھے مہان کی تیاریاں
اداکار سیف علی خان اور ان کی بیگم کرینہ کپور خان اس وقت خاص تیاریوں میں مصروف ہیں کیونکہ اس سال دسمبر میں ان کے یہاں ایک ننھا مہمان آنے والا ہے۔
اس کے ساتھ یہ بھی خبر ہے کہ جلد ہی وہ بچے کی آمد سے پہلے اپنے نئے گھر میں منتقل ہو جائیں گے۔
ویسے اب تک سیف اور کرینہ بچے سے متعلق خبر سے انکار کرتے آئے تھے لیکن اب آخر کار سیف نے اس خوشخبری کا اعلان کر ہی دیا۔
لیکن بچے کی ولادت سے پہلے کرینہ اپنی فلم ’ویر دی ویڈنگ‘ کی شوٹنگ مکمل کریں گی۔
اب اس موقع پر میڈیا والے بھی کئی بار عجیب و غریب سکوپ کے چکر میں لگے جاتے ہیں۔
کسی منچلے نامہ نگار نے سیف کی بیگم نمبر ون یعنی ان کی سابق بیگم امرتا سنگھ کو فون کر کے اس خبر پر ردِ عمل جاننے کی ہمت کر ڈالی اب آپ خود ہی تصور کریں کہ اس نامہ نگار کو کتنی بے بھاؤ کی پڑی ہوگی۔

،تصویر کا ذریعہHOTURE
شاہ رخ خان آرین کے لیے کوشاں
بالی وڈ کے کنگ خان اب خود سے زیادہ اپنے بیٹے آرین کی باتیں کرتے نظر آتے ہیں اور پچھلے کچھ مہینوں سے آرین کی تصاویر اور ان سے متعلق خبریں بھی میڈیا میں کافی گردش کرنے لگی ہیں۔
بظاہر یہ آرین خان کی بالی وڈ میں آنے کی تیاریوں کا حصہ ہے اور شاہ رخ آرین کو بھی اپنی ہی طرح کامیاب ہیرو یا اداکار کی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے بتایا کہ اب وہ آرین کو بالی وڈ کے لیے تیار کر رہے ہیں اور انھوں نے آرین کے لیے ہالی وڈ اور بالی وڈ فلموں کی ایک فہرست تیار کی ہے۔
شاہ رخ چاہتے ہیں کہ آرین فلم سکول جانے سے پہلے ان فلموں کو ضرور دیکھیں۔
شاہ رخ بالی وڈ میں آج جس مقام پر ہیں اس کے لیے انھوں نے جی توڑ محنت کی ہے۔
یہی بات انھیں آرین کو بھی سمجھانے کی ضرورت ہے کہ ایک کامیاب اداکار باپ کا نام کچھ فلمیں تو دلوا سکتا ہے لیکن کامیابی صرف خود اپنی محنت اور لگن ہی دلوائے گی اور بالی وڈ میں اس طرح کی کئی مثالیں موجود ہیں۔







