آئیفا: پرینکا، دیپکا اور کنگنا میں ٹکر

دیپکا پاڈوکون، پرینکا چوپڑہ اور کنگنا راناوت میں بہترین اداکارہ کے انعام کے لیے سخت مقابلہ ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشندیپکا پاڈوکون، پرینکا چوپڑہ اور کنگنا راناوت میں بہترین اداکارہ کے انعام کے لیے سخت مقابلہ ہے
    • مصنف, مرزا اے بی بیگ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی یعنی آئیفا میں جہاں سلمان خان اور رنویر سنگھ کی فلموں کے درمیان ٹکر ہے وہیں بہترین اداکارہ کے لیے دیپکا پاڈوکون، پرینکا چوپڑہ اور کنگنا راناوت میں سخت مقابلہ ہے۔

اس سے قبل یہ خبر آئی تھی کہ اس بار سلمان خان نے آئیفا میں شرکت کرنے کے لیے حامی بھر دی ہے۔ ان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کو سات درجوں میں نامزد کیا گیا ہے اور ’باجی راؤ مستانی‘ کو آٹھ درجوں میں نامزدگی ملی ہے جبکہ دیپکا کی فلم ’پیکو‘ کو چھ زمروں میں نامزد کیا گیا ہے۔

دیپکا پاڈوکون کو اگر دو فلموں ’پیکو‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کے طور پر نامزد کیا گيا ہے وہیں پرینکا چوپڑہ کو ’باجی راؤ مستانی‘ میں معاون اداکارہ جبکہ ’دل دھڑکنے دو‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے زمروں میں نامزدگی ملی ہے۔

ادکاروں میں مقابلہ رنویر سنگھ، سلمان خان اور امیتابھ بچن میں ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنادکاروں میں مقابلہ رنویر سنگھ، سلمان خان اور امیتابھ بچن میں ہے

ان دونوں کو ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ کی اداکارہ کنگنا راناوت سے سخت مقابلے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

جبکہ اداکارہ پرینکا چوپڑہ کو معاون اداکارہ کے زمرے میں ہما قریشی (بدلہ پور)، انوشکا شرما (دل دھڑکنے دو)، تنوی اعظمی (باجی راؤ مستانی) اور کونکنا سین شرما (تلوار) سے مقابلہ درپیش ہے۔

بہترین معاون اداکار کے زمرے میں انیل کپور، عرفان خان، فرحان اختر، دیپک ڈوبریال اور نواز الدین صدیقی کو نامزد کیا گیا ہے۔

’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ کے علاوہ، ’پیکو‘، ’تلوار‘ اور ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ شامل ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشن’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ کے علاوہ، ’پیکو‘، ’تلوار‘ اور ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ شامل ہیں

سلمان خان کو بہترین اداکار کے درجے میں ورون دھون (بدلہ پور)، امیتابھ بچن (پیکو)، رنبیر کپور (تماشا) اور رنویر سنگھ (باجی راؤ مستانی) سے ٹکر ہے۔

بہترین فلم کے زمرے میں ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ کے علاوہ، ’پیکو‘، ’تلوار‘ اور ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ شامل ہیں۔

بہترین ہدایت کاری کے لیے کبیر خان (بجرنگی بھائی جان)، شوجیت سرکار (پیکو)، میگھنا گلزار (تلوار)، سنجے لیلا بھنسالی (باجی راؤ مستانی) اور آنند ایل رائے (تنو ویڈز منو ریٹرنز) کو نامزد کیا گیا ہے۔

انوشکا شرما کو بہترین معاون اداکارہ کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنانوشکا شرما کو بہترین معاون اداکارہ کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے

نواز الدین صدیقی کو تین درجوں میں نامزد کیا گیا ہے۔ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کے لیے بہترین معاون اداکار اور بہترین مزاحیہ کردار کے لیے نامزدگی ملی ہے جبکہ ’بدلہ پور‘ کے لیے انھیں منفی کردار میں نامزدگی ملی ہے۔

گلوکار کے درجے میں اریجیت سنگھ کو ’ہماری ادھوری کہانی‘ اور ’رائے‘ کے لیے دو بار نامزد کیا گيا ہے جبکہ ’دم لگا کے ہیشا‘ کو بہترین نغمے کے ساتھ پلے بیک کے مرد اور خواتین گلوکار کے دونوں زمروں میں نامزد کیا گیا ہے۔

نواز الدین صدیقی کو تین زمروں میں نامزدگی ملی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننواز الدین صدیقی کو تین زمروں میں نامزدگی ملی ہے

آئیفا کی یہ 17ویں سالانہ ایوارڈ تقریب ہے جو 23 جون سے سپین کے شہر میڈرڈ میں منعقد ہو رہی ہے اور 25 جون کو ایوارڈز کا اعلان کیا جائے گا جن میں کل 15 درجوں کے لیے ایوارڈ شامل ہیں۔