ہم فنکار تھے باڈی بلڈر نہیں: بالی وڈ اداکار گوندا

،تصویر کا ذریعہAFP
اپنے زمانے کے معروف اداکار گووندا کا کہنا ہے کہ وہ آج کے اداکاروں کی کڑی محنت دیکھ کر حیرت زدہ رہ جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ گوندا ان معدودے چند اداکاروں میں شامل ہیں جو کبھی منتخب ہو کر بھارت کی پارلیمان میں پہنچے تھے لیکن اس بار انھوں نے ووٹ دینے کے بجائے امریکہ کے شہر فلوریڈا میں منعقد ہونے والے آئیفا ایوارڈز میں شرکت کو مقدم سمجھا۔
ان کے ساتھ بہت سے دوسرے اداکار اور فن کار بھی ہیں جن کے لیے آئیفا میں شرکت انتخابات سے زیادہ ضروری تھی۔
ان میں انوپم کھیر، پرینکا چوپڑا، رتیک روشن، سیف علی اور کرینہ کپور، انیل کپور، مادھوری دیکشت، سوناکشی سنہا، شاہد کپور، بپاشا باسو، ابھے دیول، وویک اوبرائے، رکن پارلیمان جاوید اختر اور ان کی اہلیہ شبانہ اعظمی کے علاہ بہت سے دوسرے نام شامل ہیں۔
البتہ شتروگھن سنہا اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ لینے پہنچے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ٹیمپا بے میں ہونے والے اس پروگرام میں گوندا نے کہا: ’آج بھی جب لوگ میرا کام پسند کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔ لیکن اگر اس دور کے فن کاروں کی باتیں کریں تو میں انھیں بے حد محنتی پاتا ہوں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ان میں سے بعض فنکار بے حد امیر گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن محنت سے ذرا بھی جی نہیں چراتے۔‘
50 سالہ گوندا نے تقریباً 180 فلموں میں اداکاری کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے زمانے میں اداکاروں کو صرف اپنی اداکاری پر توجہ دینی ہوتی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا: ’رنویر سنگھ، ورون دھون اور دوسرے نوجوان فنکار جتنی محنت کرتے ہیں ہم نے کبھی اتنی محنت نہیں کی۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
ان کا کہنا تھا: ’ہمارے دور میں ہم صرف فنکار تھے، باڈی بلڈر نہیں، لیکن اس دور کے اداکاروں کو دیکھیے، کیا کمال کا جسم ہے، کیا فٹنس ہے۔‘
انھوں نے کامیڈی کے متعلق کہا کہ وہ کسی قسم کی کامیڈی کے لیے تیار ہیں کیونکہ وہ لوگوں کے چہروں پر ہنسی دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اب ان کی بیٹی اور بیٹا بھی فلموں میں آنے والے ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ’جو پیار مجھے ملا وہ انھیں بھی ملے گا۔‘







