ہمیشہ تاخیر سے آنے والوں کی فہرست میں ایک نام اور

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ کے ستارے تاخیر کرنے کے لیے عام طور پر بدنام ہیں۔
سلمان خان، شاہ رخ خان اور گووندا جیسے ستاروں کے تاخیر سے آنے کی خبریں اکثر میڈیا کی شہ سرخیوں میں نظر آتی ہیں۔
اب اس فہرست میں ایک نیا نام جڑ گیا ہے اور وہ نام ہے سابق ملکۂ کائنات اور اداکارہ سشمیتا سین کا۔
انھیں حال ہی میں اپنی تاخیر کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔
ممبئی میں ایک کتاب کی رسم اجرا کے موقع پر سشمیتا سین کو مدعو کیا گیا تھا۔
صحافیوں کو اس پروگرام کے لیے شام 5.30 بجے بلایا گیا تھا لیکن جب شام سات بجے تک انتظار کرنے کے بعد بھی جب سشمیتا سین نمودار نہیں ہوئیں تو صحافیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور سب نے مل کر اس تقریب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
جب سشمیتا تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد تقریب میں پہنچی تو تمام صحافی جا چکے تھے اور سشمیتا سے سوال جواب کے لیے وہاں کوئی نہیں تھا۔ سشمیتا نے بے دلی سے بک لانچ کی اور وہاں سے نکل آئیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی اداکار کی تاخیر کی وجہ سے میڈیا نے اس کا بائیکاٹ کیا ہو۔ اس کا شکار سپر سٹار شاہ رخ خان بھی ہو چکے ہیں۔ اپنی انتہائی حوصلہ مندانہ فلم ’را۔ ون‘ کی ایک تشہری تقریب میں جب وہ تقریباً تین گھنٹے تاخیر سے پہنچے تو میڈیا نے ان کا بائیکاٹ کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تقریب کے دوران صحافیوں نے شاہ رخ خان سے ایک بھی سوال نہیں پوچھا۔ تب شاہ رخ خان نے میڈیا سے معافی مانگی تھی اور کہا تھا کہ آئندہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ تاخیر سے نہ پہنچیں۔

لیٹ ہونے کے معاملے میں سلمان خان بھی پیچھے نہیں ہیں۔ ایک دفعہ جب وہ اپنی ایک فلم کے پروموشن پر کافی دیر سے پہنچے تو صحافیوں نے ان کے اس رویہ کی ان سے شکایت کی۔
تب سلمان نے معافی مانگنے کے بجائے پلٹ کر کہہ دیا: ’میں لیٹ ہوا تو آپ سے انتظار کرنے کے لیے کس نے کہا تھا۔ آپ چلے جاتے۔ کسی نے آپ کے ساتھ زبردستی تو کی نہیں تھی۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
سیف علی خان تو اپنی فلم ’بلیٹ راجا‘ کے پروموشن کے دوران بے حد ناراض ہو گئے تھے۔ بحث و مباحثے کے بعد انھوں نے کہا تھا کہ وہ اب دہلی کبھی نہیں آئيں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی وجہ سے تاخیر ہوئي تھی اس لیے وہ ذمہ دار نہیں ہیں اور وہ معافی نہیں مانگیں گے۔
بالی وڈ کے تاخیر سے آنے والے لوگوں کی بات کی جائے تو گووندا کے ذکر کے بغیر یہ فہرست ادھوری رہے گی۔ گووندا نے تو میڈیا کے علاوہ اپنے فلم سازوں کو بھی بہت انتظار کرایا ہے۔
سنہ 1990 کی دہائی میں جب گووندا کا ستارہ بلندی پر تھا تب گووندا فلموں کے سیٹ پر اور انٹرویو کے لیے تاخیر کرنے میں چیمپیئن تھے۔

،تصویر کا ذریعہpr
کہا تو یہ بھی جاتا ہے کہ فلم ’ہم‘ اور ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر کئی بار امیتابھ بچن جیسے اداکار کو بھی گووندا نے انتظار کروایا جس سے مبینہ طور پر امیتابھ ناراض بھی ہو گئے تھے۔
ایک دفعہ جب بی بی سی نے گووندا سے انٹرویو طے کیا تھا تو ان سے ملنے کا جو وقت دیا گیا اس وقت تک گووندا اپنے ہوٹل میں سو ہی رہے تھے۔
دو گھنٹے کے انتظار کے بعد گوندا کے دیدار ہوئے اور تب جا کر انٹرویو کیا جا سکا۔







