بالی وڈ راؤنڈ اپ
’جے ہو‘ کی اچھی شروعات، پہلے دن کمائے 20 کروڑ

،تصویر کا ذریعہJai Ho
سلمان خان کی فلم ’جے ہو‘ نے پہلے دن 20 کروڑ کی کمائی کے ساتھ اچھی شروعات کی ہے۔ اس کے برعکس عامر خان کی فلم ’دھوم تھری‘ جو دسمبر میں ریلیز ہوئی تھی اس نے ریکارڈ 33 کروڑ کمائے تھے۔
2014 میں ریلیز ہونے والی بڑی فلموں کی شروعات ’جے ہو‘ کے ساتھ ہوئي ہے۔ یہ فلم 24 جنوری کو ریلیز ہوئی اور سلمان خان کی اداکاری والی اس فلم سے لوگوں کو بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ فلم 200 کروڑ کی کمائی کا ٹارگٹ پورا کر لے گی۔
اگر فلم کے پہلے دن کے کمائی کی بات کی جائے تو فلم نے صبح سے ہی اچھی شروعات کی اور چھٹی نہ ہونے کے باوجود اچھی کمائی کی۔ فلم نے ملٹی پلیکسز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق پہلے دن کی کل کمائی کا 65 فیصد پنجاب، اتر پردیش اور دہلی سے آیا ہے۔
ممبئی، بنگلورو اور میسور میں فلم نے امید کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے ’جے ہو‘ کی پہلے دن کی کمائی 20 کروڑ روپے رہی۔ ایک بڑی فلم کے طور پر اسے کسی طرح خراب اوپننگ نہیں کہا جا سکتا۔
سوزین سے علیحدگی کے لیے ریتک ذمے دار

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ میں سلور سکرین کے ’كرش‘ یعنی ریتک روشن نے ہمیشہ لوگوں کو سچ بولنے کا مشورہ دیا ہے اور اب اصلی زندگی میں وہ اپنے اس اصول پر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سوزین سے رشتہ ٹوٹنے کا سبب وہ خود ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں گوگل ہینگ آؤٹ پر اپنے مداحوں سے بات چیت کے دوران اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ سوزین کی زندگی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے وہ خود ذمہ دار ہیں۔
انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ ان تمام حالات کے لیے وہ کسی دوسرے کو ذمہ دار نہیں گردانتے۔
ریتک ان دنوں جذباتی طور پر مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انھیں صحت کے سنگین بحران کا بھی سامنا ہے۔ اس وجہ سے شوٹنگ کے دوران انھیں کئی طرح کے ایڈجسٹمنٹ کرنے پڑ رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریتک نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ عوامی سطح پر سوزین سے علیحدہ ہونے کے سبب انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علیحدگي کا فیصلہ سوزین کی طرف سے کیا گیا تھا لیکن دوستوں کی جانب سے تنقید انھیں سنني پڑ رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ممبئی کی ایک عدالت میں انھوں نے طلاق کے لیے درخواست داخل کی ہے۔
’میں آئٹم گرل تو کیجریوال آئٹم بوائے‘

،تصویر کا ذریعہPTI
شہ سرخیوں میں رہنے کا ہنر جاننے والی اداکارہ راکھی ساونت کا بھی جواب نہیں۔ بالی وڈ کی آئٹم گرل کہی جانے والی راکھی نے حال ہی میں کہا کہ اگر وہ آئٹم گرل ہیں تو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آئٹم بوائے ہیں۔
حال ہی میں شیوسینا کے کارگزار صدر ادّھو ٹھاکرے نے کیجریوال کا موازنہ راکھی ساونت سے کیا کر دیا کہ راکھی کو ایک بار پھر شہ سرخیوں میں آنے کا موقع مل گیا۔ اب راکھی کہہ رہی ہیں کہ وہ بھی حکومت چلا سکتی ہیں۔ ادّھو کے بیان پر راکھی نے کہا کہ وہ ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں کہ انھوں نے یہ سوچا کہ وہ حکومت چلا سکتی ہیں۔
بظاہر راکھی نے ادّھو کے اس بیان کو زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا ہے تبھی تو وہ اس طرح کی باتیں کرتی نظر آ رہی ہیں: ’میں کسی بھی پارٹی میں شامل نہیں ہونے والی۔ مجھے برا لگتا ہے جب کیجریوال پولیس والوں کو گالی دیتے ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ جب ادّھو ٹھاکرے جی نے کہا کہ راکھی ساونت کیجریوال سے بہتر حکومت چلا سکتی ہے۔‘
ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے انھوں نے تو کیجریوال کو مشورہ بھی دے ڈالا۔ انھوں نے کہا: ’دہلی کے لوگوں نے کیجریوال کو ووٹ دیا ہے، انھیں خاموش رہ کر کام کرنا چاہیے۔ کیجریوال کو لوگوں کے لیے کام کرنا چاہیے اور عوام سے کیے اپنے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انھیں سڑکوں پر نہیں اترنا چاہیے اور قانون میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ کچھ کر پائیں گے۔‘







