امریکن ہسل کو تین گولڈن گلوب ایوارڈز

سٹیو میک کوئنز کی فلم ’12 ایئرز اے سلیو‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا
،تصویر کا کیپشنسٹیو میک کوئنز کی فلم ’12 ایئرز اے سلیو‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا

عالمی سطح پر فلم کے ممتاز فلمی ایوارڈز گولڈن گلوب کی سالانہ تقریب میں فلم ’امریکن ہسل‘ کو تین انعامات ملے۔

کامیڈی اور میوزیکل رومانس کے زمرے میں اس فلم کو بہترین فلم کے علاوہ اس کی اداکارہ ایمی ایڈمز کو بہترین اداکارہ اور جینیفر لارنس کو بہترین معاون اداکارہ کے خطاب سے نوازا گيا۔

یہ گولڈن گلوب ایوارڈز کی تاریخ کی 71 ویں سالانہ تقریب تھی، جس کی میزبانی معروف اداکار جم کیری نے اپنے مخصوص انداز میں کی۔

سٹیو میک کوئنز کی فلم ’12 ییئرز اے سلیو‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اس تقریب کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔ واضح رہے کہ اس فلم کو سات مختلف زمروں میں نامزد کیا گيا تھا لیکن اسے واحد یہی اعزاز ملا۔

ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے میک کوئنز نے کہا: ’میں دم بخود رہ گیا ہوں۔‘ تاہم انھوں نے اپنی بیگم کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے انھیں سولومن نارتھپ کی کتاب دی تھی جس پر یہ فلم مبنی ہے۔

اداکارہ کیٹ بلاچٹ کو موشن پکچرز ڈراما کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا
،تصویر کا کیپشناداکارہ کیٹ بلاچٹ کو موشن پکچرز ڈراما کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا

اس کے علاوہ معروف اداکار میتھیو میک کونہے کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انھیں یہ ایوارڈ فلم ’ڈیلس بائرز کلب‘ میں ایڈز کے ایک مریض کا کردار نبھانے کے لیے دیا گيا۔

اداکار نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کی جھولی میں نعمت غیر مترقبہ کی طرح آیا ہے۔ ان کے معاون اداکار جارڈ لوٹو کو ٹرانس جنڈر کا کردار کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔

معروف اداکار میتھیو میک کونہے نے اپنے اعزاز کو اپنی اہلیہ کے نام معنون کیا
،تصویر کا کیپشنمعروف اداکار میتھیو میک کونہے نے اپنے اعزاز کو اپنی اہلیہ کے نام معنون کیا

اداکارہ کیٹ بلانچٹ کو موشن پکچرز ڈراما کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوراڈ سے نوازا گیا۔ انھیں یہ ایوارڈ ووڈی ایلن کی فلم ’بلو جیزمِن‘ میں اداکاری کے لیے دیا گيا، جبکہ معروف اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کو اس تقریب میں ’دا وولف آف وال سٹریٹ‘ کے لیے ’میوزیکل اور کامیڈی‘ زمرے میں بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گيا۔

معروف ہدایت کار الفانسو کوارون کو فلم ’گریویٹی‘ کے لیے بہترین ہدایت کار کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس فلم کو صرف یہی اعزاز مل سکا۔

معروف ہدایت کار الفانسو کوارون کو فلم ’گریویٹی‘ کے لیے بہترین ہدایت کار
،تصویر کا کیپشنمعروف ہدایت کار الفانسو کوارون کو فلم ’گریویٹی‘ کے لیے بہترین ہدایت کار

سکرین پلے ایوارڈ سپائک جونز کے نام گیا۔ انھیں یہ ایوارڈ ان کی رومانس کامیڈی ’ہر‘ کے لیے دیا گیا، جب کہ بیرون ممالک کی بہترین فلم کا اعزاز اطالوی فلم ’دا گریٹ بیوٹی‘ کے حق میں گیا۔

ڈزنی کی فلم ’فروزن‘ کو بہترین اینی میٹیڈ فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین اداکار، اداکارہ اور معاون اداکارہ ایک ساتھ
،تصویر کا کیپشنبہترین اداکار، اداکارہ اور معاون اداکارہ ایک ساتھ

آئرش بینڈ یو2 کو ’آرڈنیری لو‘ کے لیے بہترین طبع زاد نغمے اعزاز ملا، جبکہ معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی اس موقعے پر موجود تھیں اور اس تقریب میں ان کا ایک طبع زاد نغمہ ’سوئیٹر دین فکشن‘ ایوارڈز کے لیے نامزد تھا۔

جیکلن بائسٹ واحد برطانوی اداکار تھے جنھیں انعام ملا۔ انھیں بی بی سی کے ڈراما ’ڈانسنگ آن دا ایج‘ میں اداکاری کے لیے دیا گیا۔