بالی وڈ راؤنڈ اپ
نمبر ون نہیں سنگل ہیں دیپکا پاڈوکون

،تصویر کا ذریعہAFP
گذشتہ سال سنہ 2013 میں ’ریس -2‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’چنئی ایکسپریس‘ اور ’۔۔۔ رام لیلا‘ جیسی چار سپر ہٹ فلمیں دینے کے باوجود اداکارہ دیپکا پاڈوکون اپنے آپ کو نمبر ون اداکارہ نہیں مانتيں لیکن وہ خود کو سنگل ضرور مانتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں: ’میں نہیں مانتی کہ میں نمبر ون ہوں لیکن جب لوگ ایسا کہتے ہیں تو خوشی ہوتی ہے۔ جہاں تک فلموں کی آمدنی کی بات ہے تو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں صرف اچھی فلمیں کرنا چاہتی ہوں۔‘
سنہ 2014 میں دیپکا پاڈوکون شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں نظر آئيں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ جنوبی بھارت کے معروف ترین اداکاروں میں ایک رجنی کانت کے ساتھ فلم ’كوچےڈيان‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں دیپکا پڈوکون نے رنویر سنگھ کے ساتھ اپنے تعلقات کی قیاس آرائی کو مسترد کر دیا ہے۔ وہ اس سوال سے بچتی نظر آئیں اور انہوں نے کہا کہ ان باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
ایک فلم میگزین کے لانچ کے موقعے پر جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ سمجھا جائے کی وہ سنگل ہیں تو انہوں نے کہا: ’ہاں ہاں، آپ اب تو خوش ہیں نا۔‘
ایوارڈز تقریبات کی بہار

،تصویر کا ذریعہDharma Productions
گذشتہ دنوں ایوارڈز کی بہار رہی ہے اور آئندہ بھی اس کی جلوہ گری نظر آ رہی ہے۔ بالی وڈ کے معروف فلم فیئر ایوارڈز کی 59 ویں تقریب کے موقعے سے مختلف درجوں میں نامزدگی سامنے آ چکی ہے۔
رومانٹک کامیڈی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کو سب سے زیادہ نو انعامات کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ان میں بہترین فلم، بہترین ہدایت کار اور بہترین اداکار کی نامزدگیاں بھی شامل ہیں۔
اس کے بعد سات نامزدگیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس فلم کے لیے بھنسالي کو بہترین ہدایت کار کے لیے جبکہ فلم کے اداکار رنویر سنگھ کو بہترین اداکار کے لیے نامزد کیا گيا ہے۔
اداکارہ دیپکا پاڈوکون کو اسی فلم کے لیے سکرین ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ مل چکا ہے اور یہاں بھی وہ اس کے لیے نامزد ہیں۔
فرحان اختر کو بھی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میں بھارت کے معروف ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کے کردار کے لیے بہترین اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شاہ رخ خان کی فلم ’چینّئی ایکسپریس‘ اور آنند ایل رائے کی ’رانجھنا‘ کو بھی چھ چھ درجوں میں نامزد کیا گیا ہے۔
اداکارہ سوناکشی سنہا کو فلم ’لٹیرا‘، شردھا کپور کو ’عاشقی 2‘ اور پرنیتي چوپڑہ کو ’شدھ دیسی رومانس‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ رتیك روشن کو ’كرش 3‘ کے لیے بہترین اداکار کے زمرے میں نامزدکیا گیا ہے۔
ایک نغمے کی گولڈن جوبلی

فلموں، کسی ادارے، کسی بڑے واقعے کی گولڈن جوبلی تو آپ نے سنی ہوگی لیکن ’اے میرے وطن کے لوگو‘ شاید وہ پہلا گیت ہے جس کی گولڈن جوبلی منائی جا رہی ہے۔
شاعر پردیپ کا یہ گیت لتا منگیشکر کی آواز میں ہے اور اس کے 50 سال پورے ہونے پر زبردست دھوم دھام سے اس کا جشن منانے کی تیاریاں پوری ہو چکی ہیں۔
27 جنوری کو ممبئی میں اس گیت کی گولڈن جوبلی تقریب منائی جار رہی ہے جس میں منتظمین کے مطابق ایک لاکھ گلوکار اس گیت کو ایک ساتھ گائیں گے جبکہ لتا منگیشکر بذات خود اس موقع پر موجود ہوں گی۔
یاد رہے کہ 27 جنوری سنہ 1963 کے دن بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی موجودگی میں پہلی بار لتا منگیشکر نے اس معروف گیت ’اے میرے وطن کے لوگو‘ کو گایا تھا۔
اس موقعے سے یہ نغمہ سنہ 1962 کی بھارت چین جنگ میں مرنے ہونے والے بھارتی فوجیوں کی یاد میں لکھا اور گایا گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس گيت کو سن کر نہرو کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے تھے۔







