’میں آج بھی چشم بددور کی نیہا اور وہ سدھارتھ ہیں‘

’میں آج بھی چشم بددور کی نیہا اور وہ سدھارتھ ہیں‘

فاروق شیخ اور دیپتی نول اپنے زمانے کی بے حد مقبول فلمی جوڑی تھی
،تصویر کا کیپشنفاروق شیخ اور دیپتی نول اپنے زمانے کی بے حد مقبول فلمی جوڑی تھی

ہلکی پھلکی فلموں کے مقبول ترین اداکار فاروق شیخ کے جانے سے سنیچر کو بالی وڈ سکتے میں آ گیا اور سب نے اپنے اپنے جذبات بیان کیے۔

فاروق شیخ کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ دیپتی نول انھیں یاد کرتے ہوئے رو پڑیں۔

انھوں نے بتایا کہ انھیں یہ منحوس خبر شبانہ اعظمی نے دی۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب اس خبر کے بعد وہ نہیں رک سکتیں اور وہ فوری طور پر ممبئی لوٹ رہی ہیں۔

فاروق شیخ کے ساتھ اپنی جوڑی کے بارے میں دیپتی نے کہا ’میری شناخت چشم بددور ہی ہے، جس فلم میں میں نے فاروق کے ساتھ کام کیا تھا وہ آخری فلم تک میرا مذاق اڑاتے رہے۔ مجھے آج بھی لگتا ہے کہ میں آج بھی چشم بددور کی نیہا راجن اور وہ سدھارتھ پراشر ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا ’ہم دونوں نے اپنے کیریئر میں ایک ساتھ سات آٹھ فلمیں کیں تاہم مجھے نہیں لگتا تھا کہ ہمیں اس عمر میں ایک ساتھ کام کرنے کے لیے کوئی فلم دے گا۔ اس لیے جب ’لسن امايا‘ ہمارے پاس آئی تو یہ ایک تحفے کی طرح تھی۔ وہ مجھ سے ہمیشہ کہا کرتے دیپتی تمہارا حق تمہیں نہیں ملا۔‘

اداکار عمران خان ہم جنس پرستوں کی حمایت میں

اداکار عمران خان ہم جنس پرستوں کے حقوق کے حامی ہیں
،تصویر کا کیپشناداکار عمران خان ہم جنس پرستوں کے حقوق کے حامی ہیں

حالیہ دنوں ریلیز ہونے والی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ میں اہم کردار نبھانے والے اداکار عمران خان نے ہم جنس پرستوں کو حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ان کی یہ حمایت ’آل انڈیا بیک ہولڈ‘ نامی ایک ویڈیو کے ذریعے سامنے آئی ہے۔

اس ویڈیو میں وہ ہم جنس پرستی کے متعلق سوالات کے جواب دیتے نظر آ رہے ہیں۔

بھات کی عدالت عظمی نے گذشتہ دنوں ہم جنس پرستی کو جرم کے زمرے میں ہی رہنے دیا تھا جبکہ گذشتہ سال دہلی ہائی کورٹ نے اسے کالعدم قرار دیا تھا۔

ہم جنس پرستوں کی حمایت کے تعلق سے جب ان کی پسند کے بارے میں پوچھا کیا تو انھوں نے کہا کہ وہ تو جانوروں اور ماحولیات کی بھلائی کے بھی حامی ہیں تو اس کا مطلب یہ تو نہیں ہوا کہ وہ ڈالفن یا پیڑ ہیں۔

آشا پاریکھ کی شکایت

آشا پاریکھ اپنے زمانے کی معروف اداکارہ رہی ہیں جنھوں نے آیا ساون جھوم کے، کٹی پتنگ جیسی فلمیں دی ہیں
،تصویر کا کیپشنآشا پاریکھ اپنے زمانے کی معروف اداکارہ رہی ہیں جنھوں نے آیا ساون جھوم کے، کٹی پتنگ جیسی فلمیں دی ہیں

سنہ 60 اور 70 کی دہائی کی مشہور بالی وڈ اداکارہ آشا پاریکھ کو موجودہ ٹی وی پروگراموں کے مواد سے سخت شکایت ہے۔

ان کی یہ شکایت ٹی وی پروگرامز میں خواتین کی پیشکش کے تعلق سے ہے جبکہ فلموں میں رقص کے کم ہوتے چلن پر بھی انھوں نے تشویش ظاہر کی۔

ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام میں انھوں نے کہا ’میں نے کچھ ٹی وی پروگرام بنائے۔ میں ان سے بہت خوش ہوں۔ لیکن آج کے بعض سیریل بہت تکلیف دہ ہیں۔ انھیں دیکھ کر میں پریشان ہو جاتی ہوں۔‘

انھوں نے کہا ’ڈراموں سیریلز میں خواتین پر جو ظلم دکھایا جاتا ہے مجھے وہ پسند نہیں ہے۔ ایسے پروگرام بالکل نہیں بنائے جانے چاہیے۔‘

آشا پاریکھ نے کہا کہ انھیں در حقیقت میں ریئلٹی شوز دیکھنا زیادہ پسند ہے۔

انہوں نے کہا ’مجھے ڈانس شو یکھنا پسند ہے۔ میں مادھوری دکشت کی پرستار ہوں۔ جھلک دكھلا جا جیسے شو میں دیکھتی ہوں۔‘

تاہم انھوں نے فلموں میں کلاسیکل رقص کے کم ہوتے ہوئے رحجان پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔