بالی وڈ راؤنڈ اپ: شردھا کا پرہیز اور لتا کی حمایت
جو ایکتا کہتی ہے وہی کرتا ہوں: جيتندر

اپنے زمانے کے سدا بہار اداکار جيتندر دور حاضر کی موسیقی سے بہت مطمئن نہیں ہیں لیکن فلموں کے لحاظ سے وہ اس دور کو ہندوستانی سنیما کا بہترین دور مانتے ہیں۔
ممبئی میں یو ٹی وی سٹارز کے پروگرام ’واک آف دا سٹارز‘ میں جيتندر نے حصہ لیتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔
’واک آف دا اسٹارز‘ کے تحت ہندی سنیما کے معروف فنکاروں کے ہاتھ اور پاؤں کے نقش یادگار کے طور پر لیے جاتے ہیں اور اسی سلسلے میں جيتندر کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جيتندر نے کہا: ’میں موجودہ دور کی فلمیں دیکھتا ہوں۔ بہت اچھا دور چل رہا ہے، ہر قسم کی فلمیں بنتی ہیں۔ مسالہ فلمیں بھی چلتی ہیں تو ٹرینڈ سے ہٹ کر فلمیں بھی چلتی ہیں۔بڑے سٹارز کی فلمیں بھی چلتی ہیں تو چھوٹے بجٹ كي اچھی کہانی والی فلمیں بھی چلتی ہیں۔ پہلے تو لوسٹ اینڈ فاؤنڈ والا فارمولہ اپنایا جاتا تھا اور اسی پر زیادہ تر فلمیں بنائی جاتی تھیں۔‘
جيتندر نے یہ بھی بتایا کہ وہ پھر سے اداکاری کے میدان میں نہیں آنا چاہتے لیکن اگر ان کی بیٹی ایکتا کپور نے کہا تو وہ اس پر غور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’میں نے20-18 سال پہلے طے کیا تھا کہ میں واپس سٹوڈیو میں نہیں لوٹوں گا۔ اداکاری بھی نہیں کروں گا۔ اپنے زمانے میں دن میں کئی کئی گھنٹے میں نے سیٹ پر گزارے۔ میں آرام کی زندگی بسر کرنا چاہتا تھا لیکن پھر میری بیٹی اور بیٹا اسی شعبے میں آ گئے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’میری بیٹی اگر کہے گی تو میں ضرور اداکاری کروں گا۔ ورنہ میری کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘
سونونگم کو لتا منگیشکر کا سہارا

بالی وڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے حال ہی میں ایک مہم شروع کی ہے جس کے تحت انہوں نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ گیتوں کی رائلٹی پر گلوکاروں کا بھی حق ہونا چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سونو کی اس مہم میں آشا بھونسلے، الکا ياگنك، کویتا کرشنا مورتی، شريا گھوشال اور سنيدھی چوہان جیسے گلوکار اورگلوکارائیں شریک ہیں۔
حال ہی میں ان کی مہم کو سب سے زیادہ تقویت اس وقت ملی جب معروف گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی اس مہم میں ان کو حمایت دینے کا اعلان کیا۔
لتا منگیشکر نے ٹویٹ کیا: ’نمسکار سونو! آپ نے جو یہ رائلٹی کے لیے پہل کی ہے اس سے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔ آج سے 50 سال پہلے میں نے بھی اسی رائلٹی کے لیے سنگرز ایسوسی ایشن کے سامنے یہ تجویز پیش کی تھی مگر بعض فنکاروں نے ہماری بات نہیں مانی اور ہمیں ایسوسی ایشن بند کرنی پڑی۔‘
انھوں نےمزید لکھا: ’میں تو اس وقت بھی رائلٹی لیتی تھی لیکن میں چاہتی تھی کہ سب گلوکاروں کے لیے رائلٹی ہو۔اب جبکہ آپ جیسے فنکاروں نے اس معاملے کو سمجھا ہے تو ہم احتیاط کے ساتھ اس کا سامنا کریں گے۔ میں آپ کو مبارک دیتی ہوں۔‘
شردھا کو اکشے کمار نہیں چاہییں

اداکارہ شردھا کپور کی مجموعی طور پر اب تک صرف ایک فلم ہی ہٹ رہی ہے اور وہ فلم اسی سال ریلیز ہونے والی ’عاشقي -2‘ تھی۔ لیکن ابھی سے شردھا بڑے سٹارز کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر رہی ہیں۔
پہلے انہوں نے جان ابراہم کے ساتھ فلم ’ویلکم بیک‘ میں کام کرنے سے انكار کر دیا کیونکہ مبینہ طور پر وہ زیادہ عمر کے ہیروز کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتیں۔
اور اب انہوں نے وقت کی قلت کے بہانے اکشے کمار کے ساتھ فلم کرنے سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب اس فلم میں ان کی جگہ شروتی ہاسن کو لیا جائے گا۔
دراصل میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق شردھا نے شروع سے ہی یہ فیصلہ کر رکھا ہے کہ وہ اپنے ہم عمر فنکاروں کے ساتھ ہی فلموں میں کام کریں گی اور خواہ کوئی کتنا بڑا سٹار ہی کیوں نہ ہو اگر وہ عمر میں ان سے کافی بڑا ہے تو وہ ایسی فلموں میں کام نہیں کریں گی۔







