سات منٹ کے رقص کے لیے چھ کروڑ معاوضہ

نئے سال کے جشن کے موقع پر بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا دھوم مچانے والی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پرینکا چوپڑا کو چنئی میں نئے سال کے جشن کے لیے ایک ڈانس پرفارمنس کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
سات منٹ کے اس رقص کے لیے پرینکا کو چھ کروڑ روپے کا معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
پرینکا چوپڑا نے پیشکش قبول کرتے ہوئے پروگرام کے منتظمین کے سامنے مبینہ طور پر شرط رکھی ہے کہ وہ صرف رقص کریں گی لیکن گانا نہیں گائیں گی۔
اداکارہ پرینکا چوپڑا کی رواں سال باکس آفس پر جہاں فلم ’زنجیر‘ بری طرح ناکام رہی وہیں گذشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’كرش 3‘ سپر ہٹ رہی۔
خیال رہے کہ بالی وڈ میں اداکاراؤں کی جانب سے نئے سال کی تقریبات میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا چلن عام ہے اور اس کے لیے معاوضے میں گزشتہ چند برس میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ماضی میں اس قسم کی تقریبات میں رقص کے لیے اداکارہ بپاشا باسو اور قطرینہ کیف بھی ڈیڑھ کروڑ روپے تک لے چکی ہیں۔



