مادھوری اور جوہی کی ایک ساتھ پہلی فلم

فلم میں مادھوری ہیروئن اور جوہی ولن کا کردار ادا کر رہی ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفلم میں مادھوری ہیروئن اور جوہی ولن کا کردار ادا کر رہی ہیں

بالی وڈ اداکارہ مادھوری دکشت کے مطابق ان کی ڈکشنری میں مشکل جیسا کوئی لفظ نہیں ہے اور انھیں چیلنجز پسند ہیں۔

مادھوری نے اپنی آنے والی فلم ’گلاب گینگ‘ کی تشہری مہم کے دوران کہا کہ اس فلم میں انھوں نے سٹنٹ مین کا سہارا نہیں لیا اور سارے سٹنٹس خود کیے ہیں۔

’گلاب گینگ‘ میں مادھوری کے ساتھ اداکارہ جوہی چاولا بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم میں مادھوری نے کئی ایکشن منظر کیے ہیں اور فلم میں مشکل مناظر فلمبند کرانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے مادھوری نے کہا کہ ’میں نے تائیکوانڈو سیکھا ہے اس لیے مجھے خاص مشکل نہیں آئی۔‘

یہ پہلا موقع ہے کہ جب مادھوری دکشت اور جوہی چاولا کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آ رہی ہیں۔

مادھوری نے اس بارے میں کہا کہ ’جوہی اور میرا رول بالکل جدا ہے۔ میں فلم کی ہیروئن ہوں، وہ ولن ہیں۔ ہم دونوں کا کردار ایک دوسرے کے بغیر کچھ بھی نہیں ہے۔‘

اس سے پہلے دونوں نے ایک فلم میں ایک ساتھ کام کرنا تھا لیکن آخر میں دونوں کا ساتھ آنا ممکن نہیں ہو سکا۔

مادھوری نے کہا کہ ’میں خوش ہوں کہ ہم ساتھ آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے ساتھ میں فلم نہ کرنے کا کوئی افسوس نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم پھر ساتھ آئیں گے۔‘

مقامی میڈیا کے مطابق جوہی چاولا کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس فلم میں مادھوری کی وجہ سے کام کیا ہے۔

فلم کا ٹریلر یوٹیوب پر آ چکا ہے اور ابھی سے فلم بینوں کی رائے دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔

کچھ لوگوں کو مادھوری زیادہ اچھی لگ رہی ہیں تو کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ جوہی چاولا کی موجودگی زیادہ مؤثر لگ رہی ہے۔

جوہی چاولا کی تعریف کرتے ہوئے مادھوری نے کہا کہ انھیں سکرین پر دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے اور فلم میں جوہی نے کمال کا کام کیا ہے۔ ایسا رول انہوں نے پہلے نہیں کیا۔

’گلاب گینگ‘کے ڈائریکٹر سومك سین ہیں اور یہ ان کی پہلی فلم ہے۔

فلم کی کہانی میں کچھ خواتین مسلسل ہونے والے مظالم کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھاتی ہیں اور مخالفین کو منہ توڑ جواب دیتی ہیں۔

فلم میں گلابی ساڑی پہنی ہوئی ان خواتین کو’گلاب گینگ ‘کہا گیا اور فلم مارچ میں ریلیز ہو رہی ہے۔