2014 کی فلموں پر ایک نظر

2013 میں بالی وڈ نے نئی بلندیوں پر قدم رکھے۔ ایسا پہلی بار ہوا جب ایک نہیں بلکہ تین تین فلموں نے 200 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدن کی اور کئی کم بجٹ کی فلموں نے لوگوں کی پذیرائي حاصل کی۔
سنہ 2014 کا خیرمقدم کرنے کے لیے بالی وڈ پہلے ہی سے کمربستہ ہے۔ آئیے ایک نظر اس سال آنے والی فلموں پر ڈالتے ہیں جو ناظرین کی توجہ کا مرکز ہو سکتی ہیں۔
بھارتی فلم کی تاریخ کی سب سے یادگار فلموں میں سے ایک ’شعلے‘ کا اس سال تھری ڈی ورژن ریلیز کیا جا رہا ہے، جس سے نوجوان نسل کو 1975 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کو سینیما گھروں میں دیکھنے کا سنہری موقع ہاتھ آئے گا۔
تھری ڈی میں یہ فلم کتنی پرکشش بن پائی ہے اس کا جواب تو ناظرین ہی دے سکتے ہیں۔ باکس آفس پر اس کی کارکردگی پر بھی فلم مبصرین کی نظر ہوگی۔ فلم کی تجزیہ نگار نمرتا جوشی کہتی ہیں: ’شعلے تو شعلے ہی ہے۔ اسے میں مس کرنے کا مشورہ قطعی نہیں دوں گی۔‘
’ڈیڑھ عشقیہ‘

فلم ’عشقیہ‘ کی کامیابی کے بعد ہدایت کار ابھیشیک چوبے اس کا سیکوئل ’ڈیڑھ عشقیہ‘ لے کر آ رہے ہیں، جس سے انھیں خاصی امیدیں وابستہ ہیں۔
اس فلم میں اپنے زمانے کی معروف اداکارہ مادھوری دکشت کے شامل ہونے سے فلم کے بارے میں لوگوں میں تجسس پایا جا رہا ہے۔ مادھوری کے پرانے مداح انھیں ایک بار پھر دیکھنا چاہیں گے کہ پردۂ سیمیں سے اتنے زمانے غائب رہنے کے بعد کیا ان میں وہ کشش ابھی تک باقی ہے۔
نمرتا جوشی کے مطابق ’عشقیہ‘ بہترین فلم تھی اور اس کے مکالمے بھی بڑے چست اور چسپاں تھے۔ نصیر الدین شاہ اور ارشد وارثی کے منفرد پہلوؤں کو پھر سے دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔
فلم ’جے ہو‘

بالی وڈ کے معروف ترین اداکاروں میں ایک سلمان خان کی فلم کا ریلیز ہونا ان کے مداحوں کے لیے کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا۔ سنہ 2013 میں سلمان خان ٹی وی شو ’بگ باس‘ کی میزبانی کے لیے سرخیوں میں رہے اور اسی کی وساطت سے وہ اپنے مداحوں اور عام ناظرین کے سامنے رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن سنہ 2014 کے آغاز سے ہی وہ اپنے مداحوں اور عام سینیما شائقین کے سامنے ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق ان کی فلم ’جے ہو‘ رواں ماہ جنوری کے اخیر میں ریلیز ہو رہی ہے۔
سال بھر کے وقفے کے بعد بڑے پردے پر سلمان کو دیکھنے کے لیے ناظرین کے دل میں زبردست جوش پایا جاتا ہے لیکن اہم سوال یہ ہے کہ آیا سلمان لوگوں کی توقعات پر کتنے کھرے اتر پاتے ہیں۔
ویسے بھی عامر خان کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں سلمان ہی نمبر ون ہیں کیونکہ وہ اپنے ہی بل بوتے پر فلم کی کامیابی کے ضامن ہوتے ہیں۔
فلم ’پی کے‘

فلم ’دھوم 3‘ کی کامیابی کے بعد عامر خان سنہ 2014 میں راجکمار ہیرانی کی فلم ’پی کے‘ میں نظر آئیں گے۔
’تھری ایڈیئٹس‘ کی شاندار کامیابی کے بعد ایک بار پھر سب کی نظریں عامر خان اور راجکمار ہیرانی کی کامیاب جوڑی پر ہیں۔
’دھوم 3‘ کی تاریخ ساز کامیابی کے بعد ایک بار پھر عامر خان کا ستارہ بلندی پر ہے۔ ایسے میں ’پی کے‘ کے تعلق سے فلم بین کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔
اس فلم کے علاوہ عامر خان اپنے ٹی وی پروگرام ’ستیہ مے و جیتے‘کے دوسرے ورژن کے ساتھ آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
’ہیپّی نیو ایئر‘

فلم ’میں ہوں نا‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ کے بعد ہدایت کار فرح خان اور شاہ رخ خان ایک بار پھر ایک ساتھ ہوں گے۔ ’ہیپّی نیو ایئر‘ ایک ساتھ ان کی تیسری فلم ہوگی۔
’چینئی ایکسپریس‘ کی کامیابی کے بعد ایک بار پھر شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون کی جوڑی ساتھ نظر آئے گی۔
فلمی کاروبار کے ماہرین کے مطابق یہ فلم سنہ 2014 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے ایک ثابت ہو سکتی ہے۔
مذکورہ فلموں کے علاوہ رنبیر کپور کی ’جگا جاسوس،‘ اجے دیوگن کی ’سنگھم 2،‘ ودیا بالن کے ساتھ فرحان اختر کی فلم ’شادی کے سائیڈ ایفیكٹس‘ اور یش راج بینر کی ’غنڈے‘ پر بھی لوگوں کی نظریں ہوں گي۔
بھارتی باکسر میری کوم کی زندگی پر مبنی سنجے لیلا بھنسالي کی فلم کے بارے میں بھی لوگوں میں خاصی دلچسپی پائی جاتی ہے۔ اس میں اہم کردار پرینکا چوپڑا ادا کر رہی ہیں۔







