میں بھی کرن کے شو کا شکار ہو گئی: عالیہ بھٹ

عالیہ بھٹ ان دنوں اپنی نئی فلم ٹوسٹیٹس کی تشہیر میں مشغول ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنعالیہ بھٹ ان دنوں اپنی نئی فلم ٹوسٹیٹس کی تشہیر میں مشغول ہیں

کرن جوہر کے چیٹ شو ’کافی وِد کرن‘ میں کھلے عام رنبیر کپور سے شادی کی خواہش ظاہر کرنے کے بعد عالیہ بھٹ صفائی پیش کرتی پھر رہی ہیں۔

اپنی آنے والی فلم ’ٹوسٹیٹس‘ کے پروموشن پر جب ان سے سوال پوچھا گیا تو وہ بولیں کہ کہاں میری عمر اور کہاں رنبیر کی۔ میں تو ان سے بہت چھوٹی ہوں۔ وہ تو میں نے بس ایک پرستار کے طور پر آہیں بھرتے ہوئے بول دیا تھا۔‘

انھوں نے کہا: ’مجھے رنبیر پسند ہیں، لیکن ان سے میرا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ کرن کے شو پر مستی مذاق ہوتا رہتا ہے اور اسی لیے آرٹسٹ پھنس جاتے ہیں۔ میں بھی کرن کے شو کا شکار ہو گئی۔‘

اسی شو میں عالیہ کے ساتھ آئی تھیں اداکارہ پرینیتی چوپڑا، جنھوں نے اپنی پسند بتاتے ہوئے کہا: ’مجھے سیف علی خان بہت پسند ہیں. میں ان کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہوں۔‘

فلم ’ٹو سٹیٹس‘ میں عالیہ بھٹ اور ارجن کپور کے کچھ بوس و کنار کے مناظر ہیں اور جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے والد مہیش بھٹ کو یہ ناپسند نہیں ہوگا تو عالیہ نے کہا: ’کیا آپ نے میرے والد کی فلمیں نہیں دیکھیں؟ وہ بھی تو بولڈ ہوتی ہیں۔ پردۂ سیمیں پر میں مہیش بھٹ کی بیٹی نہیں بلکہ ایک فنکار ہوں۔ میرے خیال میں انھیں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔‘

گووندا کے تھپڑ نے زندگی بدل ڈالی

سنہ 2008 میں گووندا کے ایک پرستار نے ان پر تھپڑ مارنے کا الزام لگایا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسنہ 2008 میں گووندا کے ایک پرستار نے ان پر تھپڑ مارنے کا الزام لگایا تھا

سپریم کورٹ نے چھ سال پہلے رونما ہونے والے مبینہ تھپڑ کے واقعے کے سلسلے میں اداکار گووندا سے ان کا جواب مانگا ہے۔

دراصل سنہ 2008 میں گووندا کے ایک پرستار نے ان پر تھپڑ مارنے کا الزام لگایا تھا۔

سنتوش رے نامی اس شخص نے کہا تھا کہ فلم ’منی ہے تو ہنی ہے‘ کے سیٹ پر گووندا نے انھیں زور سے تھپڑ مارا تھا۔

سنتوش نے گووندا کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ میں کیس دائر کیا لیکن گذشتہ سال نومبر میں ’ناکافی شواہد‘ کی وجہ سے کورٹ نے گووندا کو اس معاملے سے بری کر دیا۔

لیکن سنتوش نے اب اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے جس کے بعد عدالت نے گووندا سے جواب طلب کیا ہے۔

سنتوش کہتے ہیں: ’میں ممبئی اداکار بننے آیا تھا، اس تھپڑ نے میری زندگی برباد کر دی۔ میں اس کیس پر اب تک لاکھوں روپے لگا چکا ہوں۔‘

اطلاعات کے مطابق گووندا نے اس معاملے پر کہا: ’مجھے ابھی تک کوئی نوٹس ہی نہیں آیا ہے۔ جب پہلے ہی ہائی کورٹ نے اس کیس کو خارج کر دیا ہے تو پتہ نہیں یہ انسان اب کیا چاہتا ہے۔ میں اگر چاہتا تو اس پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی کر سکتا تھا۔‘

امیتابھ کو اب شاہ رخ اور رنبیر کا سہارا

امیتابھ بچن فلم بھوت ناتھ ریٹرن میں الیکشن بھی لڑتے ہیں
،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن فلم بھوت ناتھ ریٹرن میں الیکشن بھی لڑتے ہیں

معروف اداکار امیتابھ بچن کی فلم ’بھوت ناتھ ریٹرن‘ میں یکے بعد ديگرے منفرد چیزیں سامنے آ رہی ہیں۔

پہلے یو یو ہنی سنگھ کے نغمے کے بعد اب فلم میں شاہ رخ اور رنبیر کی انٹری کی بھی اطلاعات ہیں۔

شاہ رخ در اصل اس کی پہلی فلم ’بھوت ناتھ‘ میں بھی تھے تو وہ اپنے اسی کردار کو ادا کریں گے لیکن رنبیر اس فلم میں اصل زندگی کے ہی رنبیر کپور بنیں گے۔

فلم میں امیتابھ بچن ایک بھوت ہیں جو بدعنوان لیڈر (جسے بومن ایرانی ادا کر رہے ہیں) کے خلاف الیکشن لڑتے ہیں۔