قربتوں کے سین پر پاپا کو اعتراض نہیں ہوگا: عالیہ بھٹ

اداکار ارجن کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم ٹو سٹیٹس وسط اپریل میں ریلیز ہو رہی ہے
،تصویر کا کیپشناداکار ارجن کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم ٹو سٹیٹس وسط اپریل میں ریلیز ہو رہی ہے

معروف فلم ساز مہیش بھٹ کی بیٹی اور اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو پردۂ سیمیں پر ان کے بوس و کنار کے مناظر پر ذرا بھی اعتراض نہیں ہو گا۔

نئی آنے والی فلم ’ٹو سٹیٹس‘ میں عالیہ بھٹ اور ارجن کپور کے کچھ بوس و کنار کے مناظر ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے والد مہیش بھٹ کو یہ ناپسند نہیں ہوگا تو عالیہ نے کہا: ’کیا آپ نے میرے والد کی فلمیں نہیں دیکھیں؟ وہ بھی تو بولڈ ہوتی ہیں۔ پردۂ سیمیں پر میں مہیش بھٹ کی بیٹی نہیں بلکہ ایک فنکار ہوں۔ میرے خیال میں انھیں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔‘

فلم کی ایک پرموشنل تقریب میں عالیہ اور ارجن دونوں ہی رومانی اور مستی بھرے موڈ میں نظر آئے۔

جب دونوں سے پوچھا گیا کہ کیا دونوں کی یہ کیمسٹری (ہم آہنگی) حقیقی زندگی میں بھی ہے یا یہ صرف پروموشن کے ہتھکنڈے ہیں؟ اس پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ارجن کپور نے کہا: ’ہم اداکار ہیں لیکن ساتھ ہی انسان بھی ہیں۔ کوئی مشین نہیں ہیں کہ ہم احساس و جذبات سے عاری ہوں۔ ہم کسی سوئچ آف سوئچ آن موڈ میں کام نہیں کرتے۔ عالیہ اور میں بہت اچھے دوست ہیں۔ ہم نے سیٹ پر بہت مزے سے کام کیا اور ہماری وہی دوستی یہاں بھی نظر آرہی ہے۔‘

فلم ٹو سٹیٹس میں عالیہ نے ایک جنوبی بھارتی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جبکہ دوسری طرف ارجن کپور نے ایک پنجابی لڑکے کا کردار نبھایا ہے۔

میڈیا میں دونوں فن کاروں کی مبینہ قربتوں کی خبریں آتی رہتی ہیں

،تصویر کا ذریعہHoture Images

،تصویر کا کیپشنمیڈیا میں دونوں فن کاروں کی مبینہ قربتوں کی خبریں آتی رہتی ہیں

کیا اپنے رول کے لیے انھوں نے کسی طرح کی تیاری کی تھی یا کیا اپنے کردار نبھانے کے لیے انھوں نے زبان اور تلفظ کی کوئی کلاس لی؟ اس کے جواب میں ارجن کپور نے کہا: ’ہمارے ڈائریکٹر ابھیشیک برمن شروع سے ہی چاہتے تھے کہ ہمارے کردار كیري كیچر کی طرح نہ لگیں۔ ہم فلم میں بالکل عام لڑکے لڑکی کی طرح بول رہے ہیں۔ جیسے دیگر فلموں میں دکھاتے ہیں کہ جنوبی بھارتی کردار ہے تو وہ خاص انداز میں بولے گا، ایسا اس فلم میں نہیں ہے۔‘

فلم کی شوٹنگ کے دوران اور پروموشن کے دوران کئی بار میڈیا میں ارجن اور عالیہ کی مبینہ قربتوں کی خبریں سرخیاں بنتی رہی ہیں۔

جب مبینہ قربتوں کے متعلق سوالات کیے گئے تو ارجن کئی بار میڈیا پر ناراض ہوئے اور کہنے لگے: ’آپ لوگوں کا بس چلے تو کل ہماری سگائی کروا دیجیے اور پرسوں شادی۔‘

فلم ٹو سٹیٹس چیتن بھگت کے ناول پر مبنی ہے۔ اس کے فلم ساز ساجد ناڈياڈوالا اور کرن جوہر ہیں اور ہدایت ابھیشیک برمن نے دی ہے۔ فلم 18 اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔