عامر خان کے نقش قدم پر کنگنا راناوت
عامر کی راہ پر کنگنا

،تصویر کا ذریعہ
اپنی فلم ’کوئن‘ کی کامیابی کے گھوڑے پر سوار اداکارہ کنگنا راناوت نے عامر خان کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عامر خان کسی بھی فلم ایوارڈز کی تقریب میں نہیں جاتے ہیں اور اب کنگنا نے بھی طے کر لیا ہے کہ وہ بھی ان تقریبات میں شرکت نہیں كریں گی۔
کنگنا نے کہا کہ ’جب میں انڈسٹری میں نووارد تھی تب میں نے اس طرح کی تقریبوں میں حصہ لیا تھا لیکن اب بہت ہو چکا۔ اب میں ایسا نہیں کروں گی۔ ویسے بھی ان تقریبات میں حصہ لینے سے آپ اپنے کریئر میں کچھ بھی اضافہ نہیں کر پاتے ہیں۔‘
کنگنا جلد ہی فلم ’ریوالور رانی‘ میں نظر آنے والی ہیں۔
1984 کے فسادات پر فلم کا منصوبہ

،تصویر کا ذریعہofficial website
بالی وڈ کے معروف فلم ساز مہیش بھٹ 1984 میں بھارت میں ہونے والے سکھ مخالف فسادات پر ایک فلم بنائیں گے۔
بھٹ اپنی فلم کی شروعات سنہ 2012 میں کینیڈا کے ایک گردوارے میں سکھوں پر حملے سے کریں گے اور اس کی کہانی 1984 کے سکھ مخالف فسادات تک لے جائیں گے۔
اس مجوزہ فلم کے بارے میں مہیش بھٹ نے کہا کہ ’ابھی تک سکھوں کو انصاف نہیں ملا ہے۔ وہ ہمارے ہی اپنے ہیں اور ان کی کہانی بتانی ضروری ہے۔‘
واضح رہے کہ سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کا قتل ان کے سکھ سکیورٹی گارڈ نے کیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں سکھ مخالف فسادات بھڑک اٹھے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
زبان تو سرحد نہیں؟

،تصویر کا ذریعہ
فلم ’راک سٹار‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ نرگس فخري کو ہندی تو نہیں آتی ہے لیکن ان کی یہ کمی ان کے لیے کوئی رکاوٹ بنی ہو ایسا بھی نہیں۔
رواں ہفتے نرگس کی نئی فلم ’میں تیرا ہیرو‘ ریلیز ہوئی ہے۔ انھیں بہت ساری فلمیں نہیں مل رہی ہیں اس لیے بہت سے لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ کہیں اس کی وجہ لسانی تو نہیں۔
نرگس کے سامنے جب یہ سوال رکھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ہندی میں لکھی ہوئی سکرپٹ سمجھ میں آتی ہے۔ مسئلہ صرف یہ ہے کہ میرے سوچنے کی زبان ہندی نہیں ہے اس لیے میں اس میں اچھی طرح بات چیت نہیں کر پاتی۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ فلموں کے راستے میں یہ کوئی رکاوٹ ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھ سے بس ہندی میں ابھی حاضر جوابی یا ترکی بہ ترکی جواب دینے کی امید نہیں کی جا سکتی۔‘
نرگس کی پیدائش امریکہ میں ہوئي تھی جبکہ ان کے والد پاکستانی نژاد ہیں۔







